Monday, September 16, 2024

افغانستان میں تباہ ہونیوالے پاکستانی ہیلی کاپٹر کا تمام عملہ بازیاب ہو گیا

افغانستان میں تباہ ہونیوالے پاکستانی ہیلی کاپٹر کا تمام عملہ بازیاب ہو گیا
August 11, 2016
لاہور (92نیوز) افغانستان میں یرغمال بنائے گئے پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کے عملے کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب کا ہیلی کاپٹر ایم آئی سترہ مرمت کے لیے براستہ ازبکستان روس کی جانب رواں دواں تھا کہ اچانک آگ لگنے کے باعث افغانستان کے علاقے لوگر میں اتارنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور حکومت کی کوشیں رنگ لے آئیں۔ پنجاب حکومت کے افغانستان میں یرغمال بنائے گئے ہیلی کاپٹر عملے کو بازیاب کرا لیا گیا۔ عملے میں تین ریٹائرڈ کرنل‘ ایک میجر جبکہ ایک روسی انجینئر شامل ہے۔ چار اگست کو پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر مرمت کے لیے ازبکستان لے جایا جا رہا تھا۔ آگ لگنے پر ہیلی کاپٹر کی افغانستان میں کریش لینڈنگ ہوئی اور عملے کو افغان طالبان نے یرغمال بنا لیا۔ واقعہ کے فوراً بعد آرمی چیف جنرل راحیل شریف متحرک ہوئے اور پہلے افغانستان میں امریکی فوج کے سربراہ جنرل نکلسن اور پھر افغانستان آرمی کے چیف سے رابط کر کے عملے کی باحفاظت بازیابی کیلئے کہا۔ سفارتی سطح پر بھی بھرپور کوششیں کی گئیں جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی شب و روز عملے کی باحفاظت بازیابی کیلئے کوششیں جاری رکھیں۔ ذرائع کے مطابق عملے میں شامل چیف پائلٹ کرنل ریٹائرڈ صفدر، کرنل ریٹائرڈ شفیق، میجر ریٹائرڈ صفدر، انجینئر لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ ناصر، حوالدار کوثر اور روسی انجینئر سرگئی سواستونوف کی باحفاظت واپسی ہو گئی ہے۔