Thursday, April 25, 2024

افغانستان میں بحرانی کیفیت پر او آئی سی اپنا کردار ادا کرے، وزیراعظم عمران خان

افغانستان میں بحرانی کیفیت پر او آئی سی اپنا کردار ادا کرے، وزیراعظم عمران خان
December 19, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ افغانستان چالیس سال سے خانہ جنگی کا شکار ہے بحرانی کیفیت کسی کے مفاد میں نہیں، او آئی سی افغانستان بارے اپنا کردار ادا کرے ۔ اسلام کو دہشتگردی سے جوڑنا سراسر غلط ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے او آئی سی کے غیر معمولی اجلاس سے کلیدی خطاب کیا، معززمہمانوں کی پاکستان آمد پرشکریہ ادا کیا اور کہا کانفرنس میں شریک تمام مہمان افغانستان کی صورتحال سے پوری طرح آگاہ ہیں، جتنی مشکلات افغانستان کے عوام نے اُٹھائیں کسی اور ملک نے نہیں اٹھائیں۔

وزیراعظم اپنے خطاب میں فلسطین اور کشمیری عوام کو بھی نہ بھولے، ان کا کہنا تھا کہ فلسطین اور کشمیری عوام ہماری طرف دیکھ رہے ہیں۔ نائن الیون کے بعد اسلامو فوبیا کی لہر میں شدت آئی، اسلام کو دہشتگردی سے جوڑنا حقیقت کے منافی ہے۔

وزیراعظم نے اوآئی سی ممالک پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلام مخالف پروپیگنڈے کے تدارک کیلئے ہمیں موثر آواز اٹھانا ہوگی۔ رحمت للعالمین اتھارٹی کے قیام کا مقصد ہی نبی کریمﷺکی تعلیمات سے دنیا کو روشناس کرانا ہے۔