Tuesday, April 23, 2024

افغانستان میں انخلا سے زیادہ مسئلہ خلا ہے جو دنیا کیلئے بہت خطرناک ہے ، فواد چودھری

افغانستان میں انخلا سے زیادہ مسئلہ خلا ہے جو دنیا کیلئے بہت خطرناک ہے ، فواد چودھری
August 27, 2021 ویب ڈیسک

اسلام اباد (92 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے افغانستان میں انخلا سے زیادہ مسئلہ خلا ہے جو دنیا کیلئے بہت خطرناک ہے۔

فواد چودھری نے 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا امریکی صدر نے کہا ہے افغانستان سے انخلا جاری رکھیں گے اور اس میں تاخیر نہیں کریں گے لیکن انخلا سے زیادہ مسئلہ خلا ہے۔ افغانستان میں جو اس وقت صوورتحال ہے کوئی بھی وہاں اتھارٹی میں نہیں ہے ۔ حکومت اس طرح سے نہیں ہے اور اسی وجہ سے ایک انتظامی خلا موجود ہے اور یہ دنیا کیلئے بہت خطرناک ہے ۔

فواد چودھری نے کہا وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے اس وقت افغانستان کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑنا چاہیے ۔ کل افغانستان میں دہشت گردی کے واقعات ہوئے جس میں چھوٹے بچے جان سے گئے۔ امریکی فوجی جو وہاں موجود ہیں ان کی جانیں گئی ہیں۔ ہماری ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں ۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری بولے جس طرح کا وہاں ماحول ہے ابھی تک ہماری سرحدوں پر اتنا دباؤ نہیں ہے۔ اگر افغانستان میں ایک مستحکم حکومت کا قیام نہیں ہوتا تو بڑی تعداد میں وہاں سے عوام ہجرت پر مجبور ہو گی۔ پاکستان پہلے ہی 35 لاکھ مہاجرین کا بوجھ برداشت کر رہا ہے۔ ہم ابھی معاشی طور پر اتنے مضبوط نہیں کہ مزید 5 سے دس لاکھ مہاجرین کو برداشت کر سکیں ۔ ہماری پوری کوشش ہے افغانستان کا مسئلہ استحکام کی جانب جائے ۔ یہ ایک بڑا چیلنج ہے وہاں ایک مستحکم حکومت قائم ہو جو ان معاملات کو خود دیکھے ۔