Sunday, May 12, 2024

افغانستان میں امن کیلئے سب کچھ کرینگے مگر فوجی کارروائی نہیں، وزیراعظم عمران خان

افغانستان میں امن کیلئے سب کچھ کرینگے مگر فوجی کارروائی نہیں، وزیراعظم عمران خان
July 29, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ، افغانستان میں امن کے لیے سب کچھ کریں گے مگر فوجی کارروائی نہیں۔

وزیراعظم عمران خان افغان میڈیا نمائندگان سے گفتگو میں بولے کہ، ہم طالبان کے ترجمان ہیں نہ افغانستان میں ہمارا کوئی پسندیدہ ہے۔

اُنہوں نے کہا، پاکستان کو افغان بحران کا ذمہ دار ٹھہرانا افسوسناک ہے، خطے کا کوئی ملک پاکستان کے برابر کوششوں کا دعوے دار نہیں ہوسکتا۔

عمران خان نے کہا، افغان حکومت اور طالبان مل کر چلیں یہی مسئلے کا حل ہے، مزید کہا کہ، افغان سفیر کی بیٹی کے ساتھ پیش واقعے کی تفصیلات افغان ٹیم سے شیئر کریں گے۔

انہوں نے کہا، افغانستان میں امن سے پاکستان کو وسط ایشیائی ریاستوں تک رسائی حاصل ہو جائے گی، میری حکومت کی خارجہ پالیسی 25 سال سے پارٹی کا منشور ہے۔ ازبکستان  کے ساتھ معاہدہ کر چکے ہیں، ریلوے لائن افغانستان کے راستے پاکستان پہنچے گی۔

مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے وزیراعظم نے دوٹوک اعلان کرتے ہوئے کہا، مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی تک افغان امن عمل میں بھارتی شمولیت ناقابل قبول ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ، پانچ اگست دوہزار انیس کے بعد سے بھارت نے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے نئے باب کا آغاز کیا۔

وزیراعظم بولے کہ، پاکستان ہمیشہ سے بھارت کے ساتھ امن کا خواہاں ہے۔ بھارت امن نہیں چاہتا کیونکہ وہ آر ایس ایس کے نظریے کے زیرتسلط ہے، بھارت افغانستان میں بھی پاکستان سے متعلق منفی پراپیگنڈہ کررہا ہے۔