Sunday, May 12, 2024

افغانستان میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے، احمد ضیا مسعود

افغانستان میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے، احمد ضیا مسعود
August 18, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) سابق افغان نائب صدر احمد ضیا مسعود کا 92نیوز کے سینئر اینکر پرسن ڈاکٹر معید پیرزادہ کو خصوصی انٹرویو میں کہنا تھا، افغانستان میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے۔

احمد ضیاء مسعود نے کہا، امید ہے اسلام آباد امن کےلئے تعمیری کردار ادا کرے گا، افغانستان میں استحکام اور سکیورٹی کی صورتحال براہ راست پاکستان کو متاثر کرتی ہے، ترقی کرتے ہوئے افغانستان کا مطلب ترقی کرتا ہوا پاکستان ہے۔

سابق افغان نائب صدر نے کہا، اشرف غنی امریکی صدر کو کہتے رہے کہ ہم طالبان کا مقابلہ کرینگے، حالانکہ صورتحال اس کے برعکس تھی۔ وہ جھوٹے اور کرپٹ آدمی ہیں، اشرف غنی افغانستان کو معاشرتی طور پر سنبھال سکے اور نہ ہی معیشت کو درست کرسکے۔ اشرف غنی پہلے سے ہی اپنی حیثیت کھو چکے تھے، افغانستان میں تمام گروپوں پر مشتمل قومی حکومت تشکیل دینا ہوگی، لوگوں کو ایک خاص گروپ قبول نہیں ہوگا۔

اُن کا کہنا تھا، پاکستان کے ہمسائے میں ناکام ریاست ہوگی تو پاکستان بھی متاثر ہوگا، مثال کے طور پر کابل میں 6 ملین لوگ رہتے ہیں اور اُن میں نصف مختلف ممالک میں پناہ لینا چاہتے ہیں۔ اسلام آباد میں قائدین سے ملاقات کے بعد ہمارا تاثر بہت اچھا ہے۔ اسلام آباد کے تعاون کے ساتھ افغانستان میں امن لایا جاسکتا ہے۔

احمد ضیاء نے مزید کہا، افغانستان کا بھارت کیساتھ تعلقات بنانے کا مقصد معشیت سے فائدہ اٹھانا تھا۔ بھارت کا افغانستان کے بنیادی ڈھانچے میں دلچسپی لینا درست تھا، ہم نہیں چاہتے بھارت افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرے۔ بھارت کے موازنے میں پاکستان کے افغانستان کے ساتھ تعلقات انتہائی اہم ہیں۔ معاشی ترقی کے لئے پاکستان اور افغانستان مل کر کام کریں۔ ہمارے لوگ انتہائی غریب ہیں اور ہمیں مل کرکام کرنا چاہیے۔