Thursday, September 19, 2024

افغانستان میں امن و استحکام کیلئے پاکستان ،امریکہ کے مابین وفود کی سطح پر اہم مذاکرات

افغانستان میں امن و استحکام کیلئے پاکستان ،امریکہ کے مابین وفود کی سطح پر اہم مذاکرات
December 4, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) افغانستان میں دیرپا امن و استحکام کیلئے کاوشیں جاری ہیں۔ پاکستان اور امریکہ کے مابین وفود کی سطح پر اہم مذاکرات ہوئے۔ امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ سفیر نے امریکی صدر ٹرمپ کی طرف سے وزیر اعظم عمران خان کو لکھے گئے خط کی تفصیلات سے وزیرخارجہ کو  آگاہ کیا اور بتایا کہ امریکی صدر نے افغان مفاہمتی عمل کے سلسلے میں پاکستان کے تعاون کے حصول کے لیے وزیراعظم کو خط لکھا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان میں سیاسی تصفیہ کے لیے خلوصِ نیت کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا کیونکہ افغانستان میں قیام امن، پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے بھی افغان مصالحتی عمل میں پاکستان کے تعاون کے حصول کیلئے صدر ٹرمپ کے پیغام کا خیرمقدم کیا ہے۔ دفتر خارجہ میں ہونے والے مذاکرات میں پاکستان کی نمائندگی سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کی۔ مذاکرات کے دوران افغانستان میں امن اور سیاسی حل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان آمد پر امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد ائیرپورٹ سے امریکی سفارتخانے پہنچے جہاں انھوں نے حکام سے مشاورت کی۔ زلمے خلیل زاد نے خطے کے ممالک کے دورہ کا آغاز پاکستان سے کیا ۔ وہ افغانستان، ترکمانستان، ازبکستان اور روس سمیت آٹھ ممالک کا دورہ بھی کرینگے۔