Friday, April 19, 2024

افغانستان میں امن اور استحکام بہت ضروری ہے، صدر عارف علوی

افغانستان میں امن اور استحکام بہت ضروری ہے، صدر عارف علوی
November 28, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کہتے ہیں کہ افغانستان میں امن اور استحکام بہت ضروری ہے۔

صدر عارف علوی نے اقتصادی تعاون تنظیم کے 15 ویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے حالات میں بہتری کے لیے اُمت مسلمہ کو کام کرنے کی ضرورت ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ پوری دنیا کو مہنگائی اور آلودگی کا سامنا ہے، مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی کی اشک آباد میں ازبکستان کے صدر شوکت مرزییویو سے بھی ملاقات ہوئی، دو طرفہ تعاون، تجارت اور معاشی تعلقات پر تبالہ خیال کیا۔

اس موقع پر صدر عارف علوی نے کہا پاکستان اور ازبکستان کے مابین سیاسی روابط مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، ازبکستان پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے سے تجارتی اور معاشی تعاون تیز کرنا ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان ٹرانس افغان ریلوے منصوبے کا حامی، جلد تکمیل کیلئے مکمل تعاون فراہم کرے گا۔

دونوں صدور کا علاقائی اور عالمی فورمز پر تعاون بڑھانے، دو طرفہ تعلقات مضبوط کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔ صدر مملکت نے ازبکستان کے صدر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

اس سے قبل صدرِمملکت عارف علوی کی دورہ ترکمانستان پر تاجکستان کے صدر گربنگولی بردی محمدوف سے بھی اشک آباد میں ملاقات ہوئی۔

پاکستان اورتاجکستان کے صدور کا دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق ہوا، صدرمملکت نے بندرگاہوں کے ذریعے تاجکستان کیلئےعلاقائی انضمام اورروابط پرروشنی ڈالی۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کی بروقت تکمیل کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

صدر مملکت کا کہنا ہے ہمسایہ ممالک افغانستان میں عدم استحکام سے زیادہ متاثر ہوں گے، افغان معیشت کو بچانے کیلئے منجمد اثاثے غیرمنجمد کرنے کی ضرورت ہے، افغان سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہ ہونا ضروری ہے۔