Friday, April 19, 2024

افغانستان میں استحکام کے لیے مل کر کام کرنا ہو گا، شاہ محمود قریشی

افغانستان میں استحکام کے لیے مل کر کام کرنا ہو گا، شاہ محمود قریشی
September 25, 2021 ویب ڈیسک

نیو یارک (92 نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے افغانستان میں استحکام کے لیے مل کر کام کرنا ہو گا۔

وزیر خارجہ کی اقوام متحدہ کی نیویارک میں جنرل اسمبلی کے صدر عبداللہ شاہد سے ملاقات ہوئی جس میں وزیر خارجہ نے صدر جنرل اسمبلی کو منصب سنبھالنے  پر مبارکباد پیش کی ۔ وزیر خارجہ نے صدر جنرل اسمبلی کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پائمالیوں سے آگاہ کیا ۔ وزیر خارجہ نے صدر جنرل اسمبلی کو بھارتی قابض افواج کی جانب سے جنگی جرائم کے شواہد پر مشتمل جامع ڈوزیئر پیش کیا ۔

وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی ملاقات کی ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستان، اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کو پس پشت ڈالتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب تبدیل کرنے میں مصروف ہے۔ عالمی برادری افغانستان کو فوری انسانی و مالی مدد کی  فراہمی اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے فوری اقدام اٹھائے ۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور بیلجیئم کی وزیر خارجہ سوفی ولیمز کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر خارجہ نے پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان دو طرفہ تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کے استحکام اور علاقائی صورتحال کے حوالے سے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی رومانیہ، سویڈن اور انڈونیشیا کے وزرائے خارجہ سے بھی ملے۔