Monday, May 20, 2024

افغانستان ،صوبہ وردگ میں حملے کے جاں بحق اہلکاروں کی تعداد 126 تک پہنچ گئی

افغانستان ،صوبہ وردگ میں حملے کے جاں بحق اہلکاروں کی تعداد 126 تک پہنچ گئی
January 22, 2019
کابل  ( 92 نیوز) افغانستان کے صوبہ وردگ  میں  افغان خفیہ ایجنسی کی بیس پرحملےمیں جاں بحق اہلکاروں کی تعداد  126 تک پہنچ گئی، جبکہ درجنوں زخمی ہیں۔دوسری جانب ضلع ارزگان میں افغان فورسز کی کارروائی میں 30طالبان ہلاک ہوگئے۔ افغانستان میں امن کا قیام ایک بارپھر ادھورا رہ گیا ، صوبہ واردک میں قائم افغان فورسز کی خفیہ بیس پرطالبان نے حملہ کیا  ۔ حملے میں  جاں بحق ہونیوالے اہلکاروں کی تعداد 126تک پہنچ گئی۔ اس کمپاؤنڈ میں 200 سے 250 اہلکار تعینات تھے ، طالبان جنگجوؤں اور افغان فورسز کے مابین 3 گھنٹے تک جھڑپ جاری رہی ۔افغان وزارت دفاع کے مطابق طالبان نے حملہ کیلئے افغان فورسز سے چھینی گئی گاڑی کا استعمال کیا تاکہ چیک پوائنٹس پر آسانی سے گزر سکیں۔ میدان وردک کی صوبائی کونسل کے رکن شریف ہوتک کا کہنا ہے کہ کار بم دھماکہ اتنا شدید تھا کہ ٹریننگ سنٹر کی پوری عمارت ہی منہدم ہوگئی  ،  صوبائی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق ملٹری کمپاؤنڈ میں فوج کا تربیتی مرکز قائم ہے اور ا فغان خفیہ ایجنسی کا بھی ایک مرکز موجود ہے ۔ صوبائی گورنر کے ترجمان عبد الرحمٰن منگل نے کہا کہ حملے میں فوجی اڈے کو جزوی طور پر نقصان پہنچا  ، صوبائی کونسل وردک کے سربراہ اختر محمد تہیری نے بتایا کہ دھماکے بعد 3 مسلح دہشتگردوں کا افغان سکیورٹی فورسز کیساتھ فائرنگ کاتبادلہ ہوا جس دوران دہشتگرد مارے گئے جبکہ واقعہ میں ہلاک اور زخمی ہونیوالوں میں زیادہ تعداد افغان سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی ہے ۔ ایک افغان سکیورٹی افسر نے بتایا کہ پیر کی صبح حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی میدان شہر میں واقع این ڈی ایس کے مرکز سے ٹکرا ئی۔ جیسے ہی دھماکہ ہوا تو مسلح افراد ٹریننگ سنٹر کے اندر داخل ہوگئے اور اس سے پہلے کہ جوابی کارروائی کی جاتی انہوں نے کئی فوجیوں کو ڈھیر کردیا ۔ اطلاعات کے مطابق افغان خفیہ ایجنسی کے مرکزمیں 150 اہلکار تعینات تھے ۔ ہلاک اہلکاروں کی لاشوں اور بیشترزخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔