Friday, March 29, 2024

افغانستان سے پاکستانی چیک پوسٹ پر شدید فائرنگ‘ ایف سی کے سات اہلکار شہید

افغانستان سے پاکستانی چیک پوسٹ پر شدید فائرنگ‘ ایف سی کے سات اہلکار شہید
October 27, 2015
پشاور (92نیوز) افغانستان کی جانب سے ایک بار پھر سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی گئی۔ افغانستان کی جانب سے کی جانے والی شدید فائرنگ کے نتیجے میں ایف سی کے 7 جوان شہید ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیر ستان کے علاقے انگور اڈا میں قائم ایف سی کی چیک پوسٹ پر افغانستان سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایف سی کے سات جوان شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ افغانستان سے ہونے والی فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔ فائرنگ سے زخمی ہونے والے ایف سی کے اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ رواں سال افغانستان کی جانب سے تیسری بار پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی گئی۔ یکم جولائی کو افغانستان سے انگور اڈا کے مقام پر ایف سی کی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں دو جوان شہید ہوگئے تھے۔