Sunday, May 5, 2024

افغانستان جو فیصلے کریگا پاکستان کو قبول ہونگے، شیخ رشید

افغانستان جو فیصلے کریگا پاکستان کو قبول ہونگے، شیخ رشید
July 5, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا، افغانستان جو فیصلے کرے گا پاکستان کو قبول ہوں گے، ہم وہاں امن چاہتے ہیں۔

سوموار کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا، بہت جلد افغانستان سے ملحقہ سرحد پر باڑ کا عمل مکمل ہوجائیگا۔ امید ہے اب افغانستان سے وہ حالات نہیں ہونگے جو ماضی میں ہوئے تھے۔

عمران کی قیادت میں پاکستان دنیا میں امن کا پیغام رکھتا ہے۔ وزیر اعظم رواں ماہ ازبکستان جا رہے ہیں۔ مزید کہا کہ چیئرمین نادرا کو پورے پاکستان سے گند صاف کرنیکا ٹاسک دیدیا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا، پہلے دن ہی کہہ دیا تھا جوہر ٹائون دھماکے میں را ملوث ہے، بھارت نے صدق دل سے ہمیں قبول نہیں کیا۔

شیخ رشید نے پی ٹی آئی کے لیے ووٹ مانگنے سے متعلق اپنی آڈیو درست قرار دے دی، بولے بلے کے لیے ووٹ مانگنے کشمیر بھی جانا پڑا تو جائیں گے۔ مزید کہا پی ڈی ایم ٹھس ہے، آزاد کشمیر کے الیکشن کے بعد پی ڈی ایم اصل سائز میں آجائے گی۔

اُنہوں نے مزید کہا، ائیر پورٹس پر سی پیک کے لئے الگ کائونٹر بنا دیئے گئے ہیں، چمن اور طور خم بارڈر کو 30 تاریخ تک کمپیوٹرائزڈ کردیا جائیگا۔ ایف آئی اے، ائیر پورٹس پر 3 سال سے تعینات لوگوں کو 72 گھنٹے میں تبدیل کردیا جائیگا۔