Saturday, April 27, 2024

افغان وزارت خارجہ نے ایس پی طاہر داوڑ کی لاش افغانستان میں ملنے کی تصدیق کر دی

افغان وزارت خارجہ نے ایس پی طاہر داوڑ کی لاش افغانستان  میں ملنے کی تصدیق کر دی
November 14, 2018
اسلام آباد (92 نیوز)اسلام آباد سے لاپتہ ہونے والے پشاور پولیس کے ایس پی طاہر داوڑ کی لاش افغانستان میں ملنے کی افغان وزارت خارجہ نے تصدیق کردی۔ لاش جلال آباد میں پاکستانی قونصلیٹ حکام کے حوالے کی جائے گی۔طاہر داوڑ کی میت طورخم سرحد کے راستے پشاور لائی جائے گی۔ ستائیس اکتوبر کو اسلام آباد سے اغواء ہونے والے پشاور پولیس کے ایس پی طاہرداوڑ کی لاش افغانستان کے صوبہ ننگرہار، ضلع دربابا کے علاقہ سے ملی۔ اسلام آباد میں دفترخارجہ کے ترجمان کے مطابق افغان وزارت خارجہ نے کابل میں پاکستانی سفارتخانے کومطلع کردیا ہے،  طاہر داوڑ کی لاش کے ساتھ ان کا سروس کارڈ بھی ملا ہے۔ طاہرداوڑ کی لاش مقامی لوگوں نے افغان پولیس کے حوالے کی جس کے بعد اسے ضلع مہمند درہ منتقل کردیا گیا ہے۔ لاش کو جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے حوالے کیا جائے گا اور پھر اسے طورخم کے راستے پاکستان لایا جائے گا۔ سوشل میڈیا پر افغانستان میں امانتاً دفن طاہرداوڑ کی قبرکشائی کی تصاویر بھی وائرل ہوگئی ہیں۔ خیبرپختونخوا حکومت اور پولیس نے تاحال لاش ملنے کی تصدیق نہیں کی۔