Sunday, September 8, 2024

افغان مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے کیلئے چار فریقی اجلاس آج ہو رہا ہے

افغان مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے کیلئے چار فریقی اجلاس آج ہو رہا ہے
January 11, 2016
اسلام آباد (92نیوز) پاکستان‘ افغانستان‘ چین اور امریکا کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا۔ افغانستان میں مفاہمتی عمل سے متعلق طالبان کے مطالبات پر غور اور بات چیت آگے بڑھانے کیلئے روڈ میپ بھی تیار ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق افغان مفاہمتی عمل کے حوالے سے اجلاس میں سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری، پاکستان اور افغانستان کے لئے امریکا کے نمائندہ خصوصی رچرڈ اولسن، افغان نائب وزیر خارجہ حکمت کرزئی اور پاکستان اور امریکا کے لئے چین کے نمائندہ خصوصی ڈینگ ژی شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق مفاہمتی عمل کے حوالے سے چار ممالک پر مشتمل رابطہ کمیٹی اور افغان طالبان کے درمیان رابطہ ہوا۔ رابطے کے دوران طالبان نے مفاہمتی عمل کے حوالے سے کمیٹی کو اپنے مطالبات پیش کر دیے۔ ذرائع کے مطابق آج اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں طالبان کے مطالبات کا جائزہ لیا جائے گا اور اس عمل کو آگے بڑھانے کے لئے روڈ میپ تیار کیا جائے گا۔ روڈ میپ کے حوالے سے طالبان کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ رابطہ کمیٹی کے قیام کا اعلان اسلام آباد میں ہونے والے ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے دوران کیا گیا تھا۔