Sunday, September 8, 2024

افغان مفاہمتی عمل : اجلاس سے قبل چار فریقی کمیٹی کا طالبان سے رابطہ

افغان مفاہمتی عمل : اجلاس سے قبل چار فریقی کمیٹی کا طالبان سے رابطہ
January 10, 2016
اسلام آباد (92نیوز) افغان مفاہمتی عمل کے حوالے سے پاکستان، افغانستان، چین اور امریکا کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی کا اجلاس کل ہو گا۔ اجلاس سے قبل کمیٹی کا افغان طالبان سے رابطہ ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق افغان مفاہمتی عمل کے حوالے سے چار ممالک پر مشتمل رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس کل اسلام آباد میں ہو گا۔ اجلاس میں سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری، پاکستان اور افغانستان کے لئے امریکا کے نمائندہ خصوصی رچرڈ اولسن، افغان نائب وزیر خارجہ حکمت کرزئی اور پاکستان اور امریکا کے لئے چین کے نمائندہ خصوصی ڈینگ ژی شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق مفاہمتی عمل کے حوالے سے چار ممالک پر مشتمل رابطہ کمیٹی اور افغان طالبان کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔ رابطہ کے دوران طالبان نے مفاہمتی عمل کے حوالے سے کمیٹی کو اپنے مطالبات پیش کر دیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کل اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں طالبان کے مطالبات کا جائزہ لیا جائے گا اور اس عمل کو آگے بڑھانے کے لئے روڈ میپ تیار کیا جائے گا۔ روڈ میپ کے حوالے سے طالبان کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔ رابطہ کمیٹی کے قیام کا اعلان اسلام آباد میں ہونے والے ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے دوران کیا گیا تھا۔