Saturday, April 20, 2024

افغان مسئلے پر ماضی کو بھلا کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے ، معید یوسف

افغان مسئلے پر ماضی کو بھلا کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے ، معید یوسف
August 6, 2021 ویب ڈیسک

واشنگٹن (92 نیوز) مشیر قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا ہے افغان مسئلے پر ماضی کو بھلا کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

واشنگٹن ڈی سی میں قائم پاکستان کے سفارت خانے میں پریس کانفرنس کے دوران معید یوسف نے کہا کہ ‘ہم طاقت کے بل بوتے پر افغانستان کا قبضہ قبول نہیں کریں گے۔ افغان مسئلے کا واحد حل سیاسی ہے۔

انہوں نے اس تاثر کو بھی رد کر دیا کہ اسلام آباد کا مذاکرات میں طالبان کی طرف جھکاؤ ہے۔ ہمارا جتنا اثر و رسوخ تھا اس کو استعمال کر چکے ہیں۔ پاکستان طالبان کو دوحہ میں افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات کرنے کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے۔

ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ افغان حکومت کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں لیکن بدقسمتی سے وہاں ہونے والی اشتعال انگیزی کے باعث یہ ناممکن ہو رہا ہے۔ افغانستان اپنی تمام ناکامیوں کو اسلام آباد پر ڈالنا چاہتا ہے۔ افغان حکومت جان بوجھ کر پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔

قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف نے کہا کہ انہوں نے امریکی  صدر سے وزیر اعظم کو فون نہ کرنے کے حوالے سے شکایت نہیں کی۔ کال کرنا کوئی ایشو ہے ہی نہیں، وہ جب کرنا چاہیں کریں۔ وزیر اعظم عمران خان کشمیر میں ظلم و جبر سے متعلق دنیا کو متعدد بار آگاہ کرچکے ہیں۔ ہم دنیا کو کشمیر ایشو پر پاکستان کے بیانیے سے مسلسل آگاہ کر رہے ہیں۔