Thursday, April 25, 2024

افغان طالبان کا غزنی پر بھی قبضہ، زیرکنٹرول صوبائی دارالحکومتوں کی تعداد 10 ہوگئی

افغان طالبان کا غزنی پر بھی قبضہ، زیرکنٹرول صوبائی دارالحکومتوں کی تعداد 10 ہوگئی
August 12, 2021 ویب ڈیسک

کابل (92 نیوز) افغان طالبان نے دفاعی لحاظ سے اہم صوبائی دارالحکومت غزنی پر بھی قبضہ کرلیا، طالبان کے زیرکنٹرول آنے والے صوبائی دارالحکومتوں کی تعداد دس ہوگئی۔ غزنی کے بعد طالبان نے دارالحکومت کابل پرنظر جمالیں۔

افغانستان میں طالبان کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ افغان طالبان نے ایک اور صوبائی دارالحکومت غزنی پربھی قبضہ کرلیا۔ ایک ہفتے کے اندر طالبان کے زیرِقبضہ صوبائی داالحکومتوں کی تعداد دس ہوگئی۔

غزنی کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد طالبان نے دارالحکومت کابل کی طرف پیش قدمی شروع کردی ہے جو غزنی سے تقریباً ایک سو پچاس کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

طالبان نے نہ صرف غزنی کےگورنر کو گرفتار کرلیا ہے بلکہ صوبہ غزنی سے اس کے فرار کی ویڈیو بھی جاری کردی ہے۔

دوسری جانب غیرملکی میڈیا کے مطابق افغانستان کے صوبہ ہلمند کے بڑے شہر اور دارالحکومت لشکرگاہ پر قبضے کیلئے طالبان اور افغان فورسزمیں گھمسان کی لڑائی جاری ہے، جبکہ طالبان ترجمان نے لشکرگاہ پر قبضے کا دعویٰ کیا ہے۔

طالبان کے ہاتھوں افغان فورسزکی ہزیمت اور طالبان جنگجوؤں کی پے در پے کامیابیوں کے بعد افغان حکومت نے بالاآخر طالبان کوشراکت اقتدار کی پیش کش کردی۔

غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق ملک میں بڑھتے ہوئے تشدد کو روکنے کیلئے افغان حکومتی ذرائع نے طالبان کو شراکت اقتدار کی پیش کش قطر کے ذریعے کی ہے جہاں اس وقت افغان امن کانفرنس جاری ہے۔

چین نے افغان امن کانفرنس میں یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ افغانستان میں امن کیلئے ہرممکن مدد کرے گا، چینی نمائندہ یو شیاؤ یانگ کا کہنا ہے چین افغانستان کے ساتھ روایتی دوستی کو اہمیت دیتا ہے۔