Tuesday, May 21, 2024

افغان طالبان وفد کی وزیر خارجہ سے ملاقات،افغان امن عمل پر گفتگو

افغان طالبان وفد کی وزیر خارجہ سے ملاقات،افغان امن عمل پر گفتگو
October 3, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) طالبان وفد نے  وزارت خارجہ میں پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ، ملاقات میں افغان امن عمل سمیت  باہمی دلچسپی کے امور  پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ افغان امن عمل کی بحالی کیلئے پاکستان کی اور ایک کاوش کامیاب ہو گئی ۔ افغان طالبان اور پاکستانی حکام میں دفتر خارجہ میں مذاکرات ہوئے ،  ذرائع کے مطابق افغان طالبان نے امریکا کیساتھ مذاکرات کی بحالی پر جزوی رضا مندی ظاہر کر دی ۔ ملاعبدالغنی برادر کی قیادت میں افغان طالبان کا وفد دفتر خارجہ پہنچا تو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے استقبال کیا، شاہ محمود قریشی  اور وفد کی ملاقات میں خطے کی صورتحال،افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا  ۔0 وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا پاک افغان برادرانہ تعلقات مذہبی،ثقافتی اور تاریخی بنیادوں پر استوار ہیں 40برس سے افغانستان میں عدم استحکام کا خمیازہ دونوں ممالک یکساں طور پر بھگت رہے ہیں۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا پاکستان نے افغان امن عمل میں مشترکہ ذمہ داری کے تحت نہایت ایمانداری سے مصالحانہ کردار ادا کیا ہے  پاکستان صدق دل سے سمجھتا ہے کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے افغانستان میں قیام امن کیلئے "مذاکرات" ہی مثبت اور واحد راستہ ہے ہمیں خوشی ہے کہ آج دنیا، افغانستان کے حوالے سے ہمارے موقف کی تائید کر رہی ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا پاکستان خوش دلی کے ساتھ گذشتہ چار دہائیوں سے لاکھوں افغان مہاجرین بھائیوں کی میزبانی کرتا چلا آ ریا ہے، پرامن افغانستان پورے خطے کے امن و استحکام کیلئے ناگزیر ہے ہماری خواہش ہے کہ فریقین مذاکرات کی جلد بحالی کی طرف راغب ہوں تاکہ دیرپا، اور پائیدار امن و استحکام کی راہ ہموار ہو سکے۔ اس موقع پر طالبان کے  اعلیٰ سطح کے وفد نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف کی ، فریقین نے مذاکرات کی جلد بحالی کی ضرورت پر اتفاق  کیا ۔