Saturday, April 20, 2024

افغان صدر اشرف غنی کا عید پر 500 طالبان قیدی رہا کرنے کا اعلان

افغان صدر اشرف غنی کا عید پر 500 طالبان قیدی رہا کرنے کا اعلان
July 31, 2020
 کابل (92 نیوز) افغانستان میں امن کی امید پیدا ہو گئی ۔ افغان صدر اشرف غنی نے عید پر 500 طالبان قیدی رہا کرنے کا اعلان کر دیا۔ افغانستان میں بد امنی کے شعلے ٹھنڈے پڑنے لگے۔ افغان طالبان کی جانب سے عید الاضحیٰ پر جنگ بندی کے جواب میں افغان صدر نے طالبان کے سیکڑوں قیدی رہا کرنے کا اعلان کر دیا۔ اشرف غنی نے عید الاضحی کے موقع پر افغان عوام سے  خطاب کے دوران 500 طالبان قیدیوں کی رہائی کا اعلان کیا۔ قیدیوں کو آئندہ چار روز میں رہا کیا جائے گا۔ فروری میں طے پانے والے امریکا طالبان امن معاہدے کے تحت افغان طالبان کے 5 ہزار قیدیوں کو رہا کیا جانا ہے۔ افغان صدر اشرف غنی نے بتایا کہ افغان حکومت اب تک طالبان کے 4600 قیدیوں کو رہا کر چکی ہے جبکہ بقیہ 400 قیدیوں کی رہائی کیلئے لویا جرگہ کی منظوری درکار ہو گی، کیونکہ وہ قیدی سنگین جرائم میں ملوث تھے۔ افغان صدر نے اس امید کا اظہار کیا کہ آج  سے شروع ہونے والی تین روزہ جنگ بندی بعد میں بھی جاری رہے گی۔ دوسری جانب افغان طالبان کو امن معاہدے کے تحت ایک ہزار قیدی رہا کرنا تھے اور انہوں نے ذمے داری گزشتہ روز 82 قیدیوں کا آخری گروہ رہا کر کے پوری کر دی تھی۔