Tuesday, May 21, 2024

افغان صدارتی انتخابات ، افغان صدر اشرف غنی دوسری بار کامیاب

افغان صدارتی انتخابات ، افغان صدر اشرف غنی دوسری بار کامیاب
December 22, 2019
 کابل (92 نیوز) افغان صدارتی انتخابات کے ابتدائی نتائج کا اعلان ہو گیا۔ افغان صدر اشرف غنی دوسری بار کامیاب ہو گئے۔ افغانستان کے ہنگامہ خیز صدارتی انتخابات کے نتائج آ گئے۔ افغان الیکشن کمیشن نے ابتدائی نتائج کے مطابق صدر اشرف غنی کو دوسری ٹرم کے لیے فتح یاب قرار دے دیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اشرف غنی نے 50 اعشاریہ چونسٹھ فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں۔ ان کے مخالف عبداللہ عبداللہ کو 39 اعشاریہ باون فیصد ووٹ پڑے جبکہ گلبدین حکمت یار 3 اعشاریہ پچاسی فیصد ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ افغان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے صدر اشرف غنی کے مخالفین انتخابی نتائج کو چیلنج کر سکتے ہیں۔ تاہم الیکشن کمیشن نے یہ نہیں بتایا کہ حتمی نتائج کا اعلان کب کیا جائے گا۔ رواں سال 28 ستمبر کو ہوئے صدارتی انتخابات کے نتائج مس کنڈکٹ کے الزامات اور ووٹوں کی گنتی میں تکنیکی مسائل کی وجہ سے تاخیر کا شکار تھے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے اسسٹنس مشن برائے افغانستان نے نتائج کا خیر مقدم کیا ہے۔