Friday, April 19, 2024

افغان سرزمین پر داعش کی موجودگی پاکستان کیلئے خطرہ ہے ، تہمینہ جنجوعہ

افغان سرزمین پر داعش کی موجودگی پاکستان کیلئے خطرہ ہے ، تہمینہ جنجوعہ
December 11, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ افغان سرزمین پر داعش کی موجودگی پاکستان کیلئے مستقل خطرہ ہے۔ " جنوبی ایشیا میں تنازعات اور تعاون، اہم طاقتوں کا کردار" پر بین الاقوامی کانفرنس میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور چینی سفیر ژاؤ جنگ کی شرکت ہوئی۔ تہمینہ جنجوعہ نے کہا علاقائی اور عالمی طاقتوں کو افغان مسئلے کے حل کا ادراک ہو گیا۔ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کی مکمل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔ تہمینہ جنجوعہ نے کہا پاکستان کیلئے دہائیوں پرانا افغان تنازعہ مسائل کا باعث ہے۔ پاکستان، دہشتگردی کے باعث افغانستان کے بعد سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا شنگھائی تعاون تنظیم میں چین اور روس کیساتھ افغان مسئلہ پر ملکر کام کر رہے ہیں۔ افغان سرزمین پر داعش کی موجودگی پاکستان کیلئے مستقل خطرہ ہے، افغان تنازعہ کے حل کی تمام کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے بھارت امریکہ حالیہ مذاکرات کو خطے میں دفاعی عدم توازن کا باعث قرار دیا اور کہا بھارت نے سارک تنظیم کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ بھارت غیر روایتی ہتھیاروں کو فروغ دے رہا ہے، برطانوی پارلیمنٹ کے کشمیر پر گروپ کی رپورٹس نے بھارت کا چہرہ بے نقاب کیا۔ تقریب سے خطاب میں چینی سفئر یائو جنگ کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا دنیا کو سب سے اہم خطہ ہے۔ یہاں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں۔ مسائل کا حل مذاکرات میں ہے۔ سی پیک براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا ایک بہترین نمونہ ہے۔