Thursday, March 28, 2024

افغان سرحد کے بعد پاکستان کا ایران کی سرحد پر بھی باڑ لگانے کا اعلان

افغان سرحد کے بعد پاکستان کا ایران کی سرحد پر بھی باڑ لگانے کا اعلان
April 20, 2019

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان نے افغانستان کے بعد پاک ایران سرحد پر بھی باڑ لگانے کا اعلان کر دیا۔

 وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دفتر خارجہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاک ایران سرحد کو پرامن رکھنے کی خواہش ہے، پاکستان اور ایران جائنٹ بارڈر سنٹرز بنارہے ہیں۔ نئی سدرن کمانڈ بنائی ہے۔ بارڈر مینجمنٹ بہتر بنانے کیلئے نئی فرنٹیئر فورس بھی ترتیب دی ہے۔

 وزیر خارجہ نے بتایا کہ سانحہ مکران کوسٹل ہائی وے میں بلوچ دہشتگرد تنظیم ملوث ہے ،جس کے تربیتی مراکز ایرانی سرحد کے قریب واقع ہے ، ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف سے بات کرکے تمام تفصیلات دی ہیں جنہوں نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

 شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا پاکستان نے ایران سے مکران کوسٹل ہائی وے سانحہ پر باقاعدہ احتجاج کیا۔ دفتر خارجہ نے احتجاجی مراسلہ بھی اسلام آباد میں قائم ایرانی سفارتخانے کو بھیجا، جس میں کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی  کا مطالبہ دہرایا گیا۔