Friday, April 26, 2024

افغان دارالحکومت کابل عیدالاضحیٰ پر راکٹ حملوں سے گونج اٹھا

افغان دارالحکومت کابل عیدالاضحیٰ پر راکٹ حملوں سے گونج اٹھا
August 21, 2018
کابل (92 نیوز) افغانستان کا دارالحکومت کابل عیدالاضحیٰ پر راکٹ حملوں سے گونج اٹھا ۔ نمازعید کے بعد صدر اشرف غنی کے خطاب کے دوران  حملہ ہوا۔ افغانستان میں عید الاضحیٰ کو خونی بنانے کی کوشش کی گئی۔ طالبان کے مسلح عسکریت پسندوں نے دارالحکومت کابل پر علی الصبح میزائلوں سے حملہ کر دیا جو صدارتی محل کے قریب چار مختلف مقامات پر گرے۔ حملے کے وقت صدر اشرف غنی نماز عید کے بعد شہریوں سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کچھ گروہ ملک میں پر تشدد کارروائیاں روکنے کے مخالف ہیں مگر دہشت گرد اس طرح سے افغان عوام کا ترقی کی جانب سفر نہیں روک سکتے۔ حملوں کے فوری بعد افغان فورسز نے جوابی کارورائی کا آغاز کیا جس میں ہیلی کاپٹر بھی شامل تھے۔ اس دوران دو حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا۔ افغان حکام کے مطابق دہشتگرد دو ٹرکوں پر سوار ہو کر آئے تھے۔ صدر اشرف غنی نے دو روز قبل تین ماہ کیلئے جنگ بندی کا اعلان کیا تھا جسے طالبان نے مسترد کرتے ہوئے حملے جاری رکھنے کا عندیہ دیا تھا۔ ادھر وزیر اعظم عمران خان نے کابل میں صدارتی محل کے قریب راکٹ حملے کی شدید مذمت کی۔ ان کا کہنا ہے مذہبی تہوار پر معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے کی بزدلانہ کارروائی شکست خوردہ ذہنیت کی عکاس ہے، اس بزدلانہ سوچ کو مکمل طور پر شکست دینے کیلئےافغان حکومت اور عوام کیساتھ ہیں۔