Thursday, March 28, 2024

افغان حکومتی وفد اور طالبان میں اہم مذاکرات آج قطر میں ہوں گے

افغان حکومتی وفد اور طالبان میں اہم مذاکرات آج قطر میں ہوں گے
July 17, 2021

قطر (92 نیوز) افغان حکومتی وفد اور طالبان میں اہم مذاکرات آج قطر میں ہوں گے۔ افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ ، سابق صدر حامد کرزئی اور افغان قبائلی عمائدین شریک ہوں گے۔

افغان جنگ اپنے منطقی انجام کی جانب تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ طالبان نمائندوں اور افغان حکومت کے مذاکرات کاروں کے درمیان قطر کے دارالحکومت  دوحہ میں گزشتہ کافی عرصے سے وقتا فوقتا بات چیت ہوتی رہی ہے لیکن جیسے جیسے طالبان نے فتوحات حاصل کی ہیں مذاکرات میں پیش رفت کم ہوتی گئی ہے۔

دوحہ میں طالبان سے مذاکرات کے لیے افغان وفد میں سابق صدر حامد کرزئی اور سابق چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ سمیت کئی اعلیٰ عہدیدار شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا  امید کرتے ہیں کہ  بات چیت میں تیزی لائیں گے اور مختصر وقت میں فریقین  نتیجے پر پہنچیں گے اور  افغانستان میں ایک دیرپا امن کو دیکھ سکیں گے۔

دوسری جانب افغانستان کے مختلف شہروں میں طالبان کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے جہاں سے موصول اطلاعات کے مطابق کئی شہروں میں جنگجوؤں کے قبضے سے پہلے افغان سیکورٹی فورسز کی جانب سے کوئی مزاحمت نہیں کی گئی۔

طالبان جنگجوؤں نے رواں ہفتے کے آغاز پر پاکستان سے متصل سرحدی گزرگاہ پر قبضہ کر لیا تھا جس کے بعد افغان فورسز کی علاقے میں کارروائیاں جاری ہیں تاکہ کنٹرول واپس حاصل کیا جا سکے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے افغانستان میں موجود امریکی ترجمانوں کے مستقبل کے حوالے سے اہم بیان دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکی فوج کیلئے کام کرنے والے 2500 افغان شہری  براہ راست امریکا جائیں گے۔ ان افراد کے کاغذات کی جانچ پڑتال کر لی گئی ہے جبکہ 10 ہزار افغان شہریوں کا بیک گراؤنڈ چیک ہونا باقی ہے۔