Friday, April 26, 2024

افغان حکومت کی یقین دہانی کے بعد پاکستان کا جلال ااباد قونصل خانہ کل کھولنے کا اعلان

افغان حکومت کی یقین دہانی کے بعد پاکستان کا جلال ااباد قونصل خانہ کل کھولنے کا اعلان
October 7, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) پاکستان نے افغان حکومت کی جانب سے سکیورٹی  فراہمی کی یقین دہانی کے بعد صوبہ ننگرہار میں واقع جلال آباد قونصل خانہ کل کھولنے کا اعلان کردیا، تمام ویزہ آپریشنز بھی کل سے شروع کردیئے جائیں گے۔ صوبہ ننگر ہار کے گورنر کی بے جا مداخلت پر جلال آباد کا پاکستانی قونصل خانہ بند  کر دیاگیا تھا ۔ پھرپاک، افغان حکام کے مابین طویل مذاکرات  ہوئے ۔ افغان حکومت کی قونصلیٹ کو ہر ممکن سکیورٹی کی فراہمی کی یقین دہانی پر پاکستان نے 39روز سے بندقونصل خانہ کھولنے کا اعلان کردیا۔ وزارت خارجہ نے جلال آباد قونصل خانہ کھلنے کی تصدیق کی ہے ،ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ جلال آباد قونصل خانہ پیر سے معمول کے ویزہ آپریشنز شروع کر دیگا۔ ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق افغان حکومت نے جلال آباد قونصل خانے کوہرممکن سکیورٹی کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے، ویزہ کے حصول کیلئے جلال آباد اور گردو نواح کے لوگ رجوع کر سکتے ہیں۔ افغان سفارتخانے نے بھی جلال آبادمیں پاکستانی قونصل خانے کے کھلنے کی تصدیق کی ہے ،جلال آباد میں قونصل خانہ صوبہ ننگرہار کے گورنر کی مداخلت کے بعد 30اگست کو بند کر دیا گیا تھا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی دورہ کابل میں قونصل خانے کی بندش اور سکیورٹی خدشات کا معاملہ اُٹھایا تھا۔