Friday, April 26, 2024

افغان حکومت اور طالبان میں دوحہ مذاکرات بغیر پیش رفت کے ختم

افغان حکومت اور طالبان میں دوحہ مذاکرات بغیر پیش رفت کے ختم
July 19, 2021

دوحہ (92 نیوز) افغان حکومت اور طالبان میں مذاکرات پیش رفت کے بغیر ختم ہوگئے، فریقین نے تنازع کے حل تک پہنچنے کیلئے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

افغان حکومت اور طالبان کے درمیان دوحہ مذاکرات واضح پیش رفت کے بغیر ختم ہوگئے۔ عید کے موقع پر افغان حکومت اور طالبان کے درمیان جنگ بندی کا اعلان نہ کیا جاسکا۔

دونوں اطراف سے مذاکرات کی بحالی پر زور دیا گیا ہے جبکہ ایک مشترکہ بیان میں اگلے ہفتے دوبارہ ملاقات اور ایک منصفانہ حل پر اتفاق رائے سامنے آیا ہے۔

مذاکرات کے قطری سہولت کار مطلق القحطانی کا کہنا تھا کہ ’دو روزہ مذاکراتی دور کے دوران دونوں اطراف سے شہریوں کی ہلاکتوں کو روکنے کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے اور کسی حل تک پہنچنے تک اعلی سطحی مذاکرات پر زور دیا گیا ہے۔

اس مذاکراتی دور میں شرکت کے لیے اعلیٰ افغان حکام بشمول قومی مصالحتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ طالبان سے مذاکرات کے لیے دوحہ پہنچے تھے۔