Thursday, May 9, 2024

افغان جنگ کا کوئی فوجی حل نہیں تھا، معید یوسف

افغان جنگ کا کوئی فوجی حل نہیں تھا، معید یوسف
October 8, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) مشیر قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا ہے افغان جنگ کا کوئی فوجی حل نہیں تھا۔ پاکستان امریکا کو خبردار کرتا رہا۔

مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید  یوسف نے امریکی جریدے فارن افیئرز میں مضمون میں افغان جنگ کے خاتمے اور امریکا کے انخلا کے بعد کی صورتحال پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ افغان جنگ کا کوئی فوجی حل موجود نہیں تھا۔ پاکستان امریکا کو افغانستان کے فوجی حل کی ناکامی پر خبردار کرتا رہا۔

مشیر قومی سلامتی کا مضمون میں یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کو امریکا کی دہشت گردی کے خلاف جنگ کی بھاری قیمت چکانا پڑی۔ اس جنگ کے نتیجہ میں 50 سے زائد عسکریت پسند گروہوں نے جنم لیا۔ دہشت گرد گروہوں نے پاکستانی ریاست کو امریکا کے ساتھ تعاون کرنے پر نشانہ بنایا۔ ہم آج بھی 40 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہے ہیں۔

معید یوسف کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو کابل میں نئی حکومت کے ساتھ مشاورت کے ذریعےامن و استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔ افغانستان میں استحکام وسطی ایشیا کے ساتھ علاقائی رابطے کے لیے اہم ہے۔ یہی ہمارا وژن ہے۔