Thursday, April 25, 2024

افغان امن مذاکرات‘ امریکا نے پاکستان کو الگ کر کے انڈیا کو شامل کر لیا

افغان امن مذاکرات‘ امریکا نے پاکستان کو الگ کر کے انڈیا کو شامل کر لیا
August 31, 2016
نئی دہلی (ویب ڈیسک) امریکا بھی بھارت کے رنگ میں رنگ گیا۔ ممبئی اور پٹھان کوٹ حملے تو یاد رہے لیکن دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو بھول گیا اور ایک بار پھر ڈومور کا مطالبہ دہرا دیا۔ امریکا نے پاکستان کو افغانستان میں استحکام سے متعلق مذاکرات سے بھی الگ کر دیا۔ جان کیری کہتے ہیں آئندہ ماہ نیو یارک میں افغانستان‘ بھارت اورامریکا کے درمیان مذاکرات ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق نئی دہلی میں بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری بھی بھارت کی زبان بولتے رہے۔ جان کیری کی گفتگو میں مقبوضہ کشمیر میں 53روز سے جاری کرفیو اور درجنوں افراد کے مارے جانے کا کوئی ذکر نہیں آیا لیکن پٹھان کوٹ اور ممبئی بم دھماکوں کا ذکر کرنا نہ بھولے۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہاہے امریکا، بھارت اور افغانستان کےساتھ سہ فریقی مذاکرات شروع کرے گا۔ مذاکرات کا آغاز اگلے ماہ نیو یارک میں اقوام متحدہ کے اجلاس پر ہو گا۔ جان کیری نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ان مذاکرات سے پاکستان کو تنہا محسوس نہیں کرنا چاہئے بلکہ اس کی حوصلہ افزائی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کامقابلہ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان دوسرے ممالک کےساتھ مل کرکام کرے۔ جان کیری نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے معاملے پر پاکستان کی سویلین اور فوجی قیادتوں سے رابطے میں ہیں۔ پاکستان کے مغربی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں میں کوئی فرق نہیں کیا جانا چاہئے۔