Friday, May 17, 2024

افغان امن عمل کیلئے طالبان اور امریکا کے مابین معاہدے کا ڈرافٹ تیار کر لیا گیا

افغان امن عمل کیلئے طالبان اور امریکا کے مابین معاہدے کا ڈرافٹ تیار کر لیا گیا
January 26, 2019
قطر (92 نیوز) افغانستان میں  17 سال سے جاری  جنگ خاتمے کے قریب پہنچ گئی ، قطر میں ہونے والے مذاکرات میں امریکا اور طالبان کے درمیان افغان امن عمل  معاہدے کا ڈرافت  تیار کرلیا گیا جس کے تحت  افغانستان سےغیرملکی افواج کے  18 ماہ میں   انخلاء  پر اتفاق کیا گیا۔ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد  صدر اشرف غنی کو  مذاکرات پر پیشرفت سے آگاہ کرنے کیلئے کابل روانہ ہوگئے۔ امریکا اور  افغان طالبان کے نمائندوں کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں جاری امن مذاکرات  چھے روز کے بعد اختتام پذیر ہو گئے ۔ مذاکرات میں افغان جنگ کے خاتمے کیلئے  معاہدے کے چند نکات پر اتفاق کیا گیا   ۔ خبر ایجنسی نے ذرائع  کے حوالے سے بتایا کہ  امریکا نے  اٹھارہ ماہ میں  افغانستان سے  نیٹو اور امریکی فوج نکالنے کی گارنٹی دی ہے۔ طالبان ذرائع کے مطابق   گروپ نے اس بات کی ضمانت دی ہے کہ  القاعدہ  اور داعش  کو امریکا اور اُس کےا تحادیوں پر حملے کیلئے افغانستان کی سرزمین استعمال کرنے نہیں دی جائیگی ۔ طالبان کا مزید کہنا تھا کہ   افغانستان میں جنگ بندی کیلئے آئندہ چند روز میں شیڈول طے کرلیا جائے گا جس کے بعد ہی افغانستان سے  براہ راست بات کی جائےگی ۔ مذاکرات میں جن دیگر معاملات پر اتفاق کیا گیا ہے  ان میں  دونوں جانب سے قیدیوں کا تبادلہ ، امریکا کی طرف سے سینئر طالبان رہنماؤں پر  عائد  بین الاقوامی سفری پابندیوں کا خاتمہ اور سیز فائر کے بعد افغانستان میں عبور حکومت کا قیام  شامل ہے  ۔