Thursday, May 9, 2024

عبداللہ عبداللہ تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ، شاہ محمود سے ملاقات

عبداللہ عبداللہ تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ، شاہ محمود سے ملاقات
September 28, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) افغان اعلیٰ قومی امن کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ تین روزہ دورے پر پاکستان  پہنچ گئے ، انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق عبداللہ عبداللہ پاکستانی سیاسی  اور عسکری قیادت سے  ملاقاتیں کریں گے،افغان امن عمل، دوطرفہ تعلقات سمیت اہم امور پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔

افغان اعلیٰ امن کونسل کے سربراہ نے شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ۔ پاکستان کےو زیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، افغانستان کے ساتھ دو ‏طرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کا خواہشمند ہے ،‏افغانستان میں قیام امن، خطے کی ‏تعمیر و ترقی کیلئے ناگزیرہے‏۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ ‏‏پاکستان، مشترکہ ذمہ داری کونبھاتے ہوئے، افغان امن عمل میں خلوص نیت سے ‏‏مصالحانہ کردارادا کررہا ہے، افغانستان کی تعمیر و ترقی اور معاشی استحکام ‏کیلئے ‏عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا۔

شاہ محمود قریشی نے مزید  کہا کہ امریکہ طالبان امن معاہدہ اوربین الافغان مذاکرات کے ‏‏انعقاد سے افغانستان میں دیرپا قیام امن کیلئے امید کی شمع روشن ہوئی، افغان قیادت ‏‏کو ان نادر مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے افغان امن عمل کو منطقی انجام تک پہنچانے ‏‏کے لیے سنجیدہ کاوشیں کرنا ہوں گی۔

 ڈاکٹرعبداللہ عبداللہ نے افغان امن عمل کو منطقی ‏‏انجام تک پہنچانے کیلئے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی مخلصانہ اورمصالحانہ ‏‏کاوشوں کو سراہا۔ ‏

عبداللہ عبداللہ آج شام پارلیمنٹ ہاوس کا دورہ کریں گے جہاں ان کی اسپیکرقومی ‏‏‏اسمبلی سے ملاقات ہوگی،، اسد قیصرافغان وفد کے اعزازمیں عشائیہ بھی ‏دیں گے ۔ ‏افغان رہنما ‏صدرمملکت، وزیراعظم، چیئرمین سینیٹ، آرمی چیف اوردیگراہم شخصیات ‏سے ملاقاتیں ‏بھی کریں گے۔ عبداللہ عبداللہ انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیزمیں خطاب ‏بھی کریں گے۔