Friday, April 19, 2024

افطاری کی خریداری کے لئے آئی خواتین اشیائے خورونوش مہنگی ہونے پر نالاں

افطاری کی خریداری کے لئے آئی خواتین اشیائے خورونوش مہنگی ہونے پر نالاں
May 17, 2018
فیصل آباد (92 نیوز) رمضان المبارک کی آمد میں جہاں سبزیاں اور پھل شہریوں کی پہنچ سے دور ہو چکے وہیں مصالحہ جات بھی مہنگائی کی زد سے نہ بچ سکے۔ افطاری کے لوازمات کی غرض سےخریداری کے لئے آئی خواتین اشیائے خورونوش مہنگی ہونے پرنالاں دیکھائی دیتی ہیں۔ ماہ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی منافع خوروں نے جیبیں بھرنے کے لئیے کمر کس لی ہے ۔ سبزیاں اور پھل ایک طرف لیکن افطاری میں کثرت سے استعمال ہونے والا بیسن ہو یا دیگر دالیں سب ہی پہنچ سے کوسوں دور ہو چکی ہیں۔ لوگ کہتے ہیں کہ رمضان میں اشیائے خورونوش میں اضافہ کرنا حکومت نے اپنا وطیرہ بنا لیا ہے۔ مارکیٹ میں سرخ مرچ 220 روپے فی کلو، آٹا 250 ، چاول باسمتی 120 ، دال مسور 106، دال ماش 90 ، دال مونگ 86، دال چنا 85، چنا سفید 95 ، چنا سیاہ 84 ، زیرہ مصالحہ 480 ، کالی مرچ 550 جبکہ چائے 100 سے 200 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔ قیمتوں میں اضافے پر دوکانداروں نے بھی روایتی جواب تیار کر رکھا ہے۔ اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ کفایت شعار خواتین کے لیے کڑا امتحان ثابت ہو رہا ہے۔ رمضان المبارک کی تیاریوں کے لیئے کمر بستہ خواتین مصالحہ جات کی خریداری میں تو سرگرم ہیں مگر آسمان سے باتیں کرتیں انکی قیمتیں کانوں کو ہاتھ لگانے پر مجبور کر رہی ہیں۔