Saturday, May 18, 2024

افضل گورو کی چھٹی برسی پر مقبوضہ وادی میں شٹرڈاؤن ہڑتال

افضل گورو کی چھٹی برسی پر مقبوضہ وادی میں شٹرڈاؤن ہڑتال
February 9, 2019
سری نگر ( 92 نیوز) افضل گورو کی چھٹی برس کے موقع پر  مقبوضہ کشمیر میں  مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی ۔ تحریک آزادی کشمیر کے درخشاں ستارے محمد افضل گرو کی چھٹی برسی پر  مقبوضہ وادی میں  حریت رہنماؤں کی کال پر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی ، دکانیں اور کاروباری مراکز بند جبکہ سڑکیں سنسان رہیں۔ علاقے میں ٹرین سروس  بھی معطل کردی گئی  جبکہ  لوگوں کو  افضل گورو کے اہل خانہ سے ملاقات اور اظہار یکجتی سے روکنے کیلئے سرینگر،سوپور  اور بارہ مولا میں  پولیس اور فوجی کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی ۔ انتظامیہ کی جانب سے سید علی گیلانی ،میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک سمیت دیگر حریت رہنماؤں کو   نظر بند کردیا گیا۔ حریت رہنماؤں نے  مقبول بٹ اور  افضل گورو  کو  خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ  دونوں کی شہادت جدوجہد کشمیر کا تابناک باب ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیاجاسکتا۔ حریت قیادت نے بھارتی دارلحکومت دہلی کی تہاڑ جیل کے احاطے میں سپرد خاک دونوں کشمیریوں کی میتیں حوالے کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ بھارت نے 2001 کے پارلیمنٹ  حملہ کیس میں افضل گورو کو  9 فروری 2013 کو تہاڑ جیل میں پھانسی  دے دی تھی اور جسد خاکی احاطے میں ہی دفن کردیا تھا ۔ حریت رہنماؤں نے  11 فروری کو شہید مقبول بٹ کی برسی پر  بھی ہڑتال کا اعلان کررکھا ہے  جس پر سرینگر کے لال چوک میں  ریلی نکالی جائیگی ۔