Thursday, March 28, 2024

افضل کھوکھر اور سیف الملوک کھوکھر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم جاری

افضل کھوکھر اور سیف الملوک کھوکھر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم جاری
December 15, 2018
لاہور (92 نیوز) سپریم کورٹ نے لیگی ایم این اے افضل کھوکھر اور ایم پی اے سیف الملوک کھوکھر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم جاری کر دیا۔ عدالت نے کھوکھر برادران کو اپنے اور اہلخانہ کے نام تمام جائیداد کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم بھی دیا ٹاؤن شپ، جوہر ٹاؤن اور دیگر علاقوں میں ناجائز قبضوں کیخلاف اذ خود نوٹس کی سماعت کے دوران عدالت نے لیگی ایم این اے افضل کھوکھر اور ایم پی اے سیف الملوک کھوکھر پر سخت اظہار برہمی کیا۔ چیف جسٹس پاکستان نے کہا بہتر ہے کہ جتنی بیواؤں اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں پر قبضے کئے وہ از خود ہی چھوڑ دو۔ جواب میں ایم پی اے سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہم نے کسی کی جائیداد پر قبضہ نہیں کیا جس پر چیف جسٹس پاکستان نے کہا اگر قبضہ نکل آیا تو پھر میں چھوڑوں گا نہیں۔ چیف جسٹس نے کہا سب جانتے ہیں میں جو کہتا ہوں وہ کر کے بھی دکھاتا ہوں۔ اپنی ایم پی اے شپ کا رسک نہ لیں تو بہتر ہے۔ ہمارے پاس بیواؤں، یتیموں کی آپ کے خلاف بے شمار شکایات آ رہی ہیں۔ کسی بھی بیوہ اور یتیم کی جائیداد پر قبضہ کرنے والے کو چھوڑ نہیں سکتے۔ چیف جسٹس پاکستان نے عدالت میں اپنا موبائل نکال کر کھوکھر برادران کے خلاف شکایات کا بھی انکشاف کیا  اور کہا یہ بتائیں پراپرٹی ڈیلر اشرف شاہ سے آپ کا کیا تعلق ہے۔ اس پر کھوکھر برادران نے کہا ہم اشرف شاہ نامی پراپرٹی ڈیلر کو نہیں جانتے۔ عدالت نے پولیس اور ایل ڈی اے کو کھوکھر برادران کے ناجائز قبضوں کیخلاف کھلی کچہریاں لگانے کا حکم دے دیا اور مزید سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کر دی۔