Friday, May 17, 2024

افسوس ، سیاسی اور دینی جماعتیں اسلام کو غلط استعمال کرکے ملک کو نقصان پہنچاتی ہیں ، وزیراعظم

افسوس ، سیاسی اور دینی جماعتیں اسلام کو غلط استعمال کرکے ملک کو نقصان پہنچاتی ہیں ، وزیراعظم
April 19, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے افسوس کی بات ہے کہ سیاسی اور دینی جماعتیں اسلام کو غلط استعمال کرکے ملک کو نقصان پہنچاتی ہیں

وزیراعظم عمران خان نے کہا کئی مرتبہ ہماری سیاسی جماعتیں اور دینی جماعتیں بھی اسلام کو غلط استعمال کرتی ہیں۔ ایسا استعمال کرتی ہیں کہ ملک کو نقصان پہنچا دیتی ہیں۔ دوسروں کو کوئی فرق نہیں پڑتا ، ہم ملک کے لوگوں کو نقصان پہنچا دیتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہیں بھی دین سے لگاؤ اور نبی ﷺسے عشق دنیا میں نہیں دیکھا۔ ووٹنگ کرا لیں، یہ لوگ سب سے زیادہ دین اور نبیﷺسے پیار کرتے ہیں۔ کیا نبی ﷺکی شان میں گستاخی سے ہمیں تکلیف نہیں ہوتی۔ غلط استعمال سے ہم دین کو فائدہ نہیں پہنچا رہے۔ ملک میں مظاہرے کر کے ، توڑ پھوڑ کر کے مغرب میں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ مسلم ممالک کے سربراہوں کو ساتھ ملا کر اپنا کیس پیش کریں گے۔ میری مہم سے ہمیشہ کیلئے اس مسئلے کا حل ہو گا۔

 ادھر وزیراعظم عمران خان نے مار گلہ ہائی وے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں کہا 20 سال میں اسلام آباد کی آبادی ڈیڑھ گنا بڑھی ہے۔ مارگلہ ہائی وے منصوبہ شروع کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ رنگ روڈ کا تصور بہت اچھا ہے۔ اسلام آباد کا انفرااسٹرکچر ٹھیک ہے، سڑکیں بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کی تاریخ میں موجودہ حکومت نے ماحولیات کی فکر کی ہے۔ یہاں پر صرف درخت کٹے ہیں، کسی نے لگائے نہیں۔ بڑے بڑے جنگلات کو ختم کر دیا گیا۔ چھانگا مانگا میں 80 فیصد پرانے درخت کاٹ دیئے گئے۔ کندیاں کا سارا جنگل ختم کر دیا گیا۔ جنگلات کاٹنے کا سب سے بڑا اثر موسم کی تبدیلی پر پڑے گا۔ گرمی بڑھنے سے موسم کے بڑے اثرات پڑیں گے۔ جیسے جیسے گلیشیئر پگھلیں گے، موسم گرم ہو گا۔ پانی کے مسئلے آنے والے ہیں۔ ابھی سے ماحولیات کا خیال نہ رکھا تو آنیوالی نسلوں کے برے حالات ہوں گے۔