Friday, April 26, 2024

افسوس جن لوگوں نے اربوں روپے لوٹے،انہوں نے ڈیم فنڈز میں رقم نہیں دی ، چیف جسٹس

افسوس جن لوگوں نے اربوں روپے لوٹے،انہوں نے ڈیم فنڈز میں رقم نہیں دی ، چیف جسٹس
November 24, 2018
مانچسٹر (92 نیوز) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا افسوس جن لوگوں نے اربوں روپے لوٹے،انہوں نے ڈیم فنڈز میں رقم نہیں دی۔ مانچسٹر میں فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب میں چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ پانی اللہ تعلیٰ کی بڑی نعمت ہے لیکن بدقسمتی سے ہم نے اس کی قدر نہیں کی۔ دنیا میں سب سے زیادہ پاکستان پانی کی قلت کا شکار ہے۔ خدا نہ کرے کہ ملک میں صومالیہ اور جنوبی افریقہ جیسی صورتحال پیدا ہو۔ انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم پر اتفاق رائے نہ ہونے پر مہمند اور دیامر بھاشا ڈیم بنانے کا فیصلہ کیا جن کی تعمیر کیلئے پندرہ سو ارب درکار ہیں۔ چند مفاد پرست لوگ ڈیمز کی مخالفت کررہے ہیں لیکن وہ اسے  بننے سے نہیں روک سکتے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے قوم کا پیسہ لوٹنے والوں کو بھی دو ٹوک پیغام دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دبئی میں تین ارب روپے کی جائیدادیں اور لانچ پر پیسہ بھیجنے والوں کو حساب دینا ہو گا۔ ایسے لوگوں سے رقم واپس لے لی تو مزید چندے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ فنڈ ریزنگ تقریب کے موقع پر پاکستانیوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور بیس لاکھ پاؤنڈ سے رقم فنڈز میں جمع کرائے۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے آئندہ ماہ سے آبادی پر قابو پانے کی مہم شروع کرنے کا اعلان بھی کیا۔