Friday, April 26, 2024

افتخار چودھری کرپشن میں ملوث، ان کیخلاف کارروائی نہیں کی جا رہی ، فوادچودھری

افتخار چودھری کرپشن میں ملوث، ان کیخلاف کارروائی نہیں کی جا رہی ، فوادچودھری
June 25, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان  فواد چودھری کا کہنا ہے کہ افتخار چودھری کرپشن میں ملوث ہیں  مگر ان کے خلاف کارروائی نہیں کی جا رہی ۔ پی ٹی آئی رہنما نے  پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ افتخار چودھری ، ان کے بیٹے ، بیٹی داماد اور سمدھی سب ایڈن ہاؤسنگ فراڈ میں ملوث ہیں ان کے خلاف کارروائی  کر کے گرفتار کرنا چاہئے ، افتخار چودھری اور نواز شریف کا کردار ایک جیسا ہے ، اینٹ اٹھاؤ تو نواز شریف اور خاندان کی جائیداد نکل آتی ہیں ۔ فواد  چودھری کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کی جائیداد دبئی ، سوئٹزرلینڈ ، قطر ، سعودی عرب میں  ہیں ، مافیا نے گدھ کی طرح نوچ کر پاکستان کو کھایا ہے ، 30 ہزار کروڑ روپے کا نواز شریف نے جواب دینا ہے ۔ پی ٹی آئی رہنما نے بیورو کریسی پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت کا شاید ہوم ورک مکمل نہیں ، جہلم میں اس کو ڈی پی او لگایا جس نے جلسے میں نواز شریف کو بیلٹ پیش کی ، سندھ میں لگتا ہے تعیناتیاں بلاول ہاؤس اور لاڑکانہ سے ہورہی ہیں  ، بیوروکریسی کے تبادلے مسترد کرتے ہیں ۔ تحریک انصاف کی جانب سے پولنگ کے وقت میں بھی اضافے کا مطالبہ کیا گیا،فواد چودھری نے کہا کہ الیکشن میں پولنگ کا وقت صبح 7 بجے سے رات 8 بجے تک کیا جائے  تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ووٹ کا حق استعمال کرسکیں ۔ فواد چودھری کی پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی کی جیالی نے  ٹکٹوں کی تقسیم کےخلاف احتجاج بھی کیا۔