Friday, April 19, 2024

اعظم سواتی کا بطور وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی استعفیٰ منظور ہو گیا

اعظم سواتی کا بطور وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی استعفیٰ منظور ہو گیا
January 10, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) اعظم سواتی کا بطور وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی استعفیٰ منظور ہو گیا۔ منظوری کا نوٹی فیکشن ایک ماہ سے زائد عرصے کے بعد جاری کر دیا گیا۔ نوٹی فیکشن کے مطابق صدر نے وزیراعظم کی سفارش پر استعفیٰ منظور کیا۔ استعفے کی منظوری کا اطلاق 6 دسمبر 2018 سے ہو گا۔ اعظم سواتی کے استعفے کے ایک ماہ بعد بھی وفاقی کابینہ کی فہرست میں ان کا نام بطور وفاقی وزیر درج تھا جس پر یہ معاملہ آئی جی اسلام آباد تبادلہ کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ میں بھی زیر بحث آیا۔ گزشتہ سماعت کے دوران آئی جی اسلام آباد تبادلہ کیس میں چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ اعظم سواتی میرے جانے کےدن گن رہے ہیں ، آئی جی صاحب آپ کیوں خاموش بیٹھے ہوئے ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ  بات  نہ سننے والا ٹرانسفر اور بات ماننے والا تعینات ہوجاتا ہے،اعظم سواتی میرے جانے کے دن گن رہے ہیں ہم آئی جی کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں مگر وہ ماڑے (کمزور ) پڑ جاتے ہیں، اپنی نوکریاں بچانے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ عدالت نے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت اہلیت دیکھنی ہے، اعظم سواتی کا استعفی منظور نہیں ہوا۔ آئی جی کو مخاطب کرتے ہوئے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا آپ اعظم سواتی کو بچانے کےلیے بیٹھے ہیں، اعظم سواتی کے بیٹے اور چار دیگر کیخلاف مقدمات درج ہیں ، کارروائی کے لیے کس چیز کا انتظار ہے۔ سپریم کورٹ نے اعظم سواتی کا معاملہ متعلقہ اداروں کو بھیج دیا۔ چیف جسٹس نے احکامات دیے کہ ادارے تفتیش کرکے سپریم کورٹ میں رپورٹ پیش کریں۔