Tuesday, May 21, 2024

اعظم سواتی نے اپوزیشن کو اَن پڑھ قرار دے دیا

اعظم سواتی نے اپوزیشن کو اَن پڑھ قرار دے دیا
February 4, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی نے اپوزیشن کو اَن پڑھ قرار دے دیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کی صدارت میں سینیٹ کا سیشن ہنگامہ خیز رہا۔ وقفہ سوالات کے دوران کئی سوالات کا وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی تسلی بخش جواب نہ دے سکے اور کئی جواب غلط آنے پر معاملہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کیا گیا۔ متعلقہ وفاقی وزراء کی عدم موجودگی پر اپوزیشن ارکان برہم ہو گئے۔ سینیٹر عثمان کاکڑ نے اعظم سواتی پر جملہ کسا اور کہا باقی وزراء کہاں ہیں ہم اکیلے اعظم سواتی کی شکل دیکھ کر بور ہو گئے ہیں۔ سینیٹ اجلاس میں اس وقت گرما گرمی ہوئی جب ٹیکسز اور منی ترمیمی بل 2020 ایوان میں پیش کیا گیا۔ اعظم سواتی منی بل پیش کرنے لگے تو اپوزیشن نے شور شرابا شروع کر دیا اور اعتراض کیا کہ یہ آرڈیننس کو بل کی شکل میں پیش کرکے اس کو ریجیکٹ کرنے کا حق ہم سے چھین رہے ہیں۔ قائد ایوان شبلی فراز اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی نے اپوزیشن کو سمجھانے کی کوشش کی اور کہا کہ یہ آرڈیننس قومی اسمبلی میں پیش ہونے کے بعد بل بن جاتا ہے۔ اس لئے یہ بل کے طور پر یہاں پیش کیا جا رہا ہے۔ حکومتی دلیل کو بھی اپوزیشن نے مسترد کیا تو اعظم سواتی نے اپوزیشن ارکان کو ان پڑھ کہہ دیا۔ اعظم سواتی کے ریمارکس پر اپوزیشن ارکان نے شور مچا دیا اور مشاہد اللہ خان نے تکرار شروع کر دی۔ بعد میں ڈپٹی چیرمین سینیٹ نے الفاظ کارروائی سے حذف کروا دئیے۔ طویل بحث اور سینئر ارکان کی رائے کے بعد ڈپٹی چیرمین سینیٹ نے منی بل کو پیش کرنے کی اجازت دی اور بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔ سینیٹ اجلاس میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے قرارداد  متفقہ طور پر منظور کی گئی جس میں مقبوضہ کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کی مذمت کی گئی۔