Monday, May 6, 2024

اعظم سواتی میرے جانے کے دن گن رہے ہیں ، آئی جی تبادلہ کیس میں چیف جسٹس کےریمارکس

اعظم سواتی میرے جانے کے دن گن رہے ہیں ، آئی جی تبادلہ کیس میں چیف جسٹس کےریمارکس
January 8, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) آئی جی اسلام آباد تبادلہ کیس میں چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نےریمارکس دیے کہ اعظم سواتی میرے جانے کےدن گن رہے ہیں ، آئی جی صاحب آپ کیوں خاموش بیٹھے ہوئے ہیں ، کارروائی کیلئے کس چیز کا انتظار ہے ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ  بات  نہ سننے والا ٹرانسفر اور بات ماننے والا تعینات ہوجاتا ہے،اعظم سواتی میرے جانے کے دن گن رہے ہیں ہم آئی جی کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں مگر وہ ماڑے (کمزور ) پڑ جاتے ہیں، اپنی نوکریاں بچانے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔ چیف جسٹس نےکہا کہ سارا کیا دھرا اعظم سواتی کا ہے، کیا ہمسایوں کو گرفتار کرانے والا دیانتداراور راست باز ہوسکتا ہے، ایف آئی آر میں اعظم سواتی کا جرم شامل نہیں کیا گیا۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ عدالت نے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت اہلیت دیکھنی ہے، اعظم سواتی کا استعفی منظور نہیں ہوا  ۔ آئی جی کو مخاطب کرتے ہوئے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے  کہا آپ  اعظم سواتی کو بچانے کےلیے بیٹھے ہیں، اعظم سواتی کے بیٹے اور چار دیگر کیخلاف مقدمات درج ہیں ،کارروائی کےلیے کس چیز کا انتظارہے۔ عدالتی معاون نےآگاہ کیا کہ جے آئی ٹی کے مطابق اعظم سواتی نے اثاثے ظاہر نہیں کیے،اثاثوں میں اضافے کا بھی ٹھوس جواب نہیں دیا گیا، اختیارات کے ناجائز استعمال پر  فوجداری کاروائی ہو سکتی ہے،نیب قانون بھی لاگو ہوتا ہے۔ سپریم کورٹ نے اعظم سواتی کا معاملہ متعلقہ اداروں کو بھیج دیا۔ چیف جسٹس نے احکامات دیے کہ ادارے تفتیش کرکے سپریم کورٹ میں رپورٹ پیش کریں۔