Sunday, April 28, 2024

اعجاز چودھری نے عمران خان سے پرانی تنظیمیں بحال کرنے کی اجازت مانگ لی

اعجاز چودھری نے عمران خان سے پرانی تنظیمیں بحال کرنے کی اجازت مانگ لی
November 2, 2015
لاہور (92نیوز) بلدیاتی انتخابات میں بدترین شکست پر تحریک انصاف میں گروہ بندی کھل کر سامنے آ گئی ہے۔ پنجاب کے سابق صدر اعجاز چودھری نے توڑی گئی تنظیموں کی دوبارہ بحالی کا عندیہ دے دیا ہے جبکہ مرکزی ترجمان کا کہنا ہے کہ قیادت تبدیلی کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف پنجاب کے اندر بلدیاتی انتخابات سے پہلے سے موجود اختلافات انتخابات میں بدترین شکست کے بعد سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ تنظیمیں توڑ کر ہٹائے گئے سابق صوبائی صدر اعجاز چودھری نے تنظیمی امور دوبارہ سنبھالنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ خود پنجاب بھر کے دورے کر کے پارٹی کو دوبارہ متحرک کریں گے۔ انہوں نے یہ تاثر بھی دیا کہ انہیں پارٹی کے قائد عمران خان کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں عمران خان سے ملاقات میں تمام پرانی تنظیمیں بحال کرنے کی اجازت مانگ لی ہے۔ اعجاز چودھری نے اس صورتحال کو واضح کرنے کیلئے پریس کانفرنس بلا لی ہے جبکہ دوسری جانب تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان نے قیادت کی تبدیلی کی خبروں کو من گھڑت قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پارٹی کا کوئی اجلاس طلب نہیں کیا گیا۔ اس حوالے سے گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔ واضح رہے کہ عمران خان نے چند ماہ قبل اعجاز چودھری سمیت منتخب تنظیمیں توڑ کر سابق گورنر چودھری سرور کی قیادت میں صوبہ بھر میں آرگنائزر مقرر کر دیے تھے۔