Friday, May 17, 2024

اعتماد کا ووٹ آپ کو ہی دیں گے ، اتحادیوں کی وزیر اعظم کو یقین دہانی

اعتماد کا ووٹ آپ کو ہی دیں گے ، اتحادیوں کی وزیر اعظم کو یقین دہانی
March 6, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) اعتماد کا ووٹ آپ کو ہی دیں گے، وزیراعظم عمران خان کو اتحادیوں نے یقین دہانی کرادی۔ ایم کیو ایم پاکستان، ق لیگ سمیت اتحادیوں نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں میں وزیراعظم کے ساتھ چلنے کے عزم کا اظہار کیا۔

قومی اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے وزیراعظم متحرک ہو گئے ، اتحادیوں سے ملاقاتوں میں بھرپور اعتماد کی یقین دہانی ہوگئی۔وزیراعظم عمران خان سے خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے ملاقات کی ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں موجودہ گورننس پر تحفظات ہیں مگر عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، نظام میں تبدیلی چاہتے ہیں تاکہ عوام کو ڈیلیور کرسکیں۔ وزیراعظم سے کوئی ڈیمانڈ نہیں۔

 ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سندھ اور کراچی کے امور پر ایم کیو ایم سے مشاورت یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ مقصد اقتدار نہیں بلکہ عوام کی فلاح ہے، شفاف نظام کی تبدیلی کے لیے کوشش کررہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان سے مسلم لیگ ق کے وفد نے بھی ملاقات کی اور یقین دلایا کہ با اعتماد اتحادی ہیں، وزیراعظم نے مسلم لیگ ق کے وفد سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ چودھری برادران کے لیے دل میں بہت احترام ہے۔

بلوچستان عوامی پارٹی کے وفد نے بھی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی اور وزیر اعظم کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، وزیراعلی بلوچستان جمال کمال نے کہا کہ صادق سنجرانی کو دوبارہ امیدوار نامزد کرنے پر آپکے مشکور ہیں۔