Thursday, May 2, 2024

اظہر کی کپتانی بچ گئی‘ کرکٹ بورڈ نے سلمان بٹ کو بھی گرین سگنل دیدیا

اظہر کی کپتانی بچ گئی‘ کرکٹ بورڈ نے سلمان بٹ کو بھی گرین سگنل دیدیا
September 19, 2016
لاہور (92نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے کپتان اظہر علی کو برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا۔ سعید اجمل اور شاہد آفریدی کے الوداعی میچز کے حوالے سے بورڈ کی اہم میٹنگ چھبیس ستمبر کو ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 23 ستمبر سے متحدہ عرب امارا ت میں شروع ہونے والی سیریز کے لوگو کی تقریب رونمائی ہوئی۔ اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے کہا کہ اظہر علی کو کپتانی سے ہٹانے کا معاملہ زیرغور نہیں تھا۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف وہی ایک روزہ ٹیم کے کپتان ہونگے جبکہ سعید اجمل اور شاہد آفریدی کے الوداعی میچز بارے بھی جلد فیصلہ کیا جائے گا۔ سبحان احمد نے کہا کہ اوپننگ بلے باز سلمان بٹ کی ٹیم میں شمولیت سلیکشن کمیٹی کی اپنی صوابدید ہے‘ پی سی بی کی طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی گئی۔ تقریب رونمائی میں پشاور زلمے کے مالک نے شاہد آفریدی کو پشاور زلمے کا صدر بنانے کا بھی اعلان کیا۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی ٹوینٹی میچز 23، 24 اور 27 ستمبر کو کھیلے جائیں گے جس کے بعد تین ایک روزہ میچز کی سیریز کا آغاز ہو گا۔