Monday, May 6, 2024

اصل جنگ غریب اور امیر کے درمیان ہے، کراچی کو امن گہوارہ دیکھنا چاہتے ہیں: امیر جماعت اسلامی سراج الحق

اصل جنگ غریب اور امیر کے درمیان ہے، کراچی کو امن گہوارہ دیکھنا چاہتے ہیں: امیر جماعت اسلامی سراج الحق
April 12, 2015
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) این اے دو سو چھیالیس میں انتخابی مہم اپنے عروج پر پہنچ گئی۔ کراچی میں جماعت اسلامی نے ریلی نکالی جس کے دوران عائشہ منزل کے قریب ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کے کارکنوں میں تصادم ہوتے ہوتے رہ گیا۔ تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے امیدوار راشد نسیم کی قیادت میں واٹر پمپ سے ریلی نکالی گی جو عائشہ منزل کریم آباد سے ہوتے ہوئے واپس واٹرپمپ پر اختتام پذیر ہو گئی۔ ریلی میں شہریوں کی کثیر تعداد  گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر شریک تھی  جنہوں نے ہاتھوں میں جماعت اسلامی اور پاکستان کے جھنڈے  اٹھا رکھے تھے اور وہ راشد نسیم اور جماعت اسلامی کے حق میں شدید  نعرے بازی کر رہے تھے۔ عائشہ منزل کے قریب  جماعت اسلامی کی ریلی کے شرکا اور ایم کیو ایم کے کارکنوں کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی اور ہاتھا پائی بھی ہوئی تاہم کسی بڑے حادثے سے پہلے معاملہ رفع دفع ہو گیا۔ ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا کہ ملک میں اصل جنگ غریب اور امیر کے درمیان ہے اور وہ کراچی کو امن کا گہوارہ دیکھنا چاہتے ہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ کراچی کے عوام نے ایم کیو ایم کو بار بار ووٹ دیا لیکن انہیں امن دیکھنا نصیب نہیں ہوا۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کراچی میں جس بھی صحافی نے سچ بولنا چاہا اس کو قتل کرا دیا گیا۔ عوام کے پاس ووٹ کی طاقت ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ووٹ کی طاقت سے اپنا حق وصول کرنے کیلئے عوام باہر آئیں۔