Sunday, May 19, 2024

اصغر خان کیس میں ایف آئی اے سے چھ ہفتوں میں پیشرفت رپورٹ طلب

اصغر خان کیس میں ایف آئی اے سے چھ ہفتوں میں پیشرفت رپورٹ طلب
November 2, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے اصغر خان کیس میں ایف آئی اے سے چھ ہفتوں میں پیشرفت رپورٹ طلب کر لی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے اصغر خان کیس کی سماعت کی۔ ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے عدالت کو بتایا کہ 19 میں سے 17 لوگوں کو نوٹسز جاری کیے ہیں تاہم راستوں کی بندش کے باعث نہیں پہنچ سکے۔ چیف جسٹس نے تفتیش اور چالان سے متعلق پوچھا تو ڈی جی ایف آئی نے بتایا کہ وزارت دفاع نے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی بنائی ہے۔ جاوید ہاشمی بھی عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ نیب نے آٹھ سال قبل سارے مقدمے میں بری کردیا تھا انہیں کیوں بلایا گیا ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیا کہ عدالت نے ایف آئی اے سے رپورٹ مانگی ہے۔ جاوید ہاشمی کو نہیں بلایا تھا۔ آئندہ جاوید ہاشمی کو نوٹس نہ کریں۔ لیاقت جتوئی نے بھی آئی جے آئی کا حصہ نہ ہونے کا موقف پیش کیا تو چیف جسٹس نے ڈی جی آیف آئی اے کو ہدایت کی کہ ان لوگوں کے ساتھ عزت واحترام سے بات کریں۔ اگر ان کے خلاف ثبوت نہیں تو بتا دیں۔