Friday, May 3, 2024

اصغر خان کیس ، ایف آئی اے اور وزارت دفاع نے جوابات سپریم کورٹ میں جمع ‏کرا دیے ‏

اصغر خان کیس ، ایف آئی اے اور وزارت دفاع نے جوابات سپریم کورٹ میں جمع ‏کرا دیے ‏
April 22, 2019

اسلام آباد (92 نیوز)سیاستدانوں میں رقوم کی تقسیم سے متعلق اصغر خان کیس میں ایف آئی اے اور وزارت دفاع نے اپنے جوابات سپریم کورٹ میں جمع کرا دیے ۔

وزارت دفاع کو اصغر خان کیس آگے بڑھانے کے لئے مزید گواہون کی تلاش ہےجب کہ ایف آئی اے نے ایک مرتبہ پھر  کیس بند کرنے کی سفارش کر دی ۔

اصغر خان کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے نے ایک مرتبہ پھر ہاتھ کھڑے کردئیے، کیس بند کرنے کی سفارش کردی اور  سپریم کورٹ میں جواب جمع کر ادیا۔

اپنے جواب میں ایف آئی اے نے کہا کہ  گواہان کے بیانات ریکارڈ کرنے کے باوجود کچھ نہ ملا، بے نامی بینک اکاؤنٹس کی تحقیقات سمیت دیگر اہم گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے، صحافیوں کے انٹرویو بھی کیے، مرکزی گواہ برگیڈیئر (ر) حامد سعید اور ایڈووکیٹ یوسف میمن سے پوچھ گچھ کی گئی لیکن مزید ٹرائل کیلئے خاطر خواہ ثبوت نہیں مل سکے۔

ایف آئی اے نے  واضح کیا کہ مناسب ثبوت نہ ملنے کے باعث کیس کو کسی بھی عدالت میں چلانا ممکن نہیں۔

وزارت دفاع نے بھی اصغر خان  کیس میں  اپنا جواب عدالت میں جمع کرادیا جس میں بتایا کہ تحقیقات کیلئے کورٹ آف انکوائری تشکیل دی گئی ، جس نے 6 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے، تمام شواہد کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزارت دفاع نے کہا کہ  مزید گواہوں کی تلاش جاری ہے۔ وزارت دفاع نے تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم کا اظہار بھی کیا۔