Thursday, May 9, 2024

اشیائے ضروریہ انتہائی مہنگی ہوچکیں، گورننس نام کی کوئی چیز نہیں، رانا ثنا

اشیائے ضروریہ انتہائی مہنگی ہوچکیں، گورننس نام کی کوئی چیز نہیں، رانا ثنا
October 9, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنماء رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے اشیائے ضروریہ انتہائی مہنگی ہوچکیں، گورننس نام کی کوئی چیز نہیں۔

ہفتہ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تین سال کی لوٹ مار کو بچانے کیلئے آرڈیننس کا این آر او دے دیا گیا۔ کٹھ پتلی اب اپنے لانے والوں کے ساتھ بھی ایک پیج پر نہیں ہے۔

اُنہوں نے کہا اس ملک کی اخلاقیات اور کلچر کو کیوں تباہ کیا گیا، کہا گیا باہر پڑی ساری پراپرٹی واپس لائی جائے گی، ملک میں ڈالروں کی بارش ہوگی۔ این آر او نافذ کرکے پچھلے 4 سال میں جو لوٹ مار کی اسے تحفظ دیا گیا۔

اُن کا کہنا تھا ملک جس تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے اس کی ذمہ داری آخر کسی کو تو لینی چاہئے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس ٹاؤٹوں کی آماجگاہ بنا ہوا ہے، ہر سیٹ کی بولی لگ رہی ہے۔ ہرطرف اقرباء پروری اور بیڈگورننس کا دور دورہ ہے۔

ن لیگی بولے کہ سب سے پہلے ملک کو آئین کے مطابق چلانا ہوگا، ووٹ کو عزت دینی ہوگی، عوام کو صاف شفاف اور آزادانہ الیکشن دینا ہوں گے اس کے علاوہ اور کوئی حل نہیں ہے۔ کہا کہ ہم عوام کی صوابدید پر چھوڑتے ہیں، جسے منتخب کریں اسے ہی ملک کی باگ ڈور سنبھالنی چاہئے۔ ایسی قیادت آنی چاہئے جو سب کو ساتھ ملا کر ملک کو چلاسکے۔

راناثناء اللہ نے مزید کہا 16 اکتوبر کو پی ڈی ایم کا شاندار جلسہ ہوگا جس میں تمام مرکزی قائدین شرکت کریں گے۔ فیصل آباد میں ایسا اجتماع ہوگا کہ کٹھ پتلی حکومت کے خلاف فیصلہ ہوجائے گا۔ ملک بہت جلد صاف شفاف اور آزادانہ انتخابات کی جانب بڑھے گا۔

مولانا غفور حیدری بولے عمران خان نے کہا تھا ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر دیں گے، آئی ایم ایف کے پاس جانے پر خودکشی کو ترجیح دیں گے۔