Friday, April 19, 2024

اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں 0.82 فیصد اضافہ

اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں 0.82 فیصد اضافہ
June 26, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) کرونا کی لہر میں کمی آ گئی، لیکن مہنگائی کی لہر نہیں رک سکی۔ گزشتہ ہفتے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں 0.82 فیصد اضافہ ہوا، سکھر میں سب سے زیادہ مہنگائی ریکارڈ کی گئی۔

ادارہ شمایات کے اعداد و شمار کے مطابق سکھر میں 2.3 فیصد اور اسلام آباد میں 1.09 فیصد مہنگائی بڑھی، ٹماٹر 14.3 فیصد، اور چکن 11.5 فیصد مہنگا ہو گیا۔ پیاز 8.3 فیصد، آلو 3.1 فیصد، لہسن 2.5 فیصد مہنگے ہو گئے۔ گزشتہ ہفتے دال مونگ 3.7 فیصد اور کیلا 2.8 فیصد سستا ہوا۔

ضلعی انتظامیہ اپنے علاقوں میں ہی سرکاری ریٹ کا نفاذ کرنے میں ناکام رہی، ڈیجیٹل سسٹم نے ڈی سی ریٹ اور مارکیٹ ریٹ میں 9 سے 18 فیصد تک کے فرق کی نشاندہی کر دی۔

بڑے گوشت کا ڈی سی ریٹ 443 روپے مارکیٹ ریٹ 540 روپے فی کلو رہا۔ آٹے کا مارکیٹ ریٹ سرکاری ریٹ سے 15 فیصد زائد اور پیاز ڈی سی ریٹ 15.5 فیصد اضافے کے ساتھ مارکیٹ میں فروخت ہوتا رہا۔

دودھ ڈی سی ریٹ 96 روپے مارکیٹ ریٹ 13.6 فیصد اضافے کے ساتھ 111 روپے فی کلو فروخت ہوا، ٹوٹا چاول کا ڈی سی ریٹ 85 روپے تھا جبکہ مارکیٹ ریٹ 9.7 فیصد اضافے کے ساتھ 94 روپے فی کلو فروخت ہوا۔ چکن ڈی سی ریٹ 218 روپے سے 15.5 فیصد مہنگا 231 روپے فی کلو مارکیٹ ریٹ میں فروخت ہوا۔