Saturday, May 18, 2024

اشتہاری ملزم اسحاق ڈار کی جائیدادیں صوبائی حکومت کی تحویل میں جانے لگیں

اشتہاری ملزم اسحاق ڈار کی جائیدادیں صوبائی حکومت کی تحویل میں جانے لگیں
February 13, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) اشتہاری ملزم اسحاق ڈار کی جائیدادیں ایک ایک کرکے صوبائی حکومت کی تحویل میں جانے لگیں ،  احتساب عدالت نے نیب کی تعمیلی رپورٹ جمع ہونے پر مزید تین پلاٹس پنجاب حکومت کی تحویل میں دینے کا حکم دے دیا۔ آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفررنس میں  سابق وزیرخزانہ  پاکستان میں جائیدادوں سے ہاتھ دھونے لگے، عدالتی حکم پر نیب نے اسحاق ڈار ، انکی اہلیہ، اور انکے بیٹے کی تین پلاٹوں کی ضبطگی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے  دو ، دو کنال کے تینوں پلاٹس صوبائی حکومت کی تحویل میں دے دیے۔ نیب رپورٹ میں موقف اپنایا گیاکہ  اسحاق  ڈارکی تین گاڑیوں کی تلاش جاری ہے۔ گاڑیاں ملنے پر انہیں بھی اپنی  تحویل میں لیا جائے گا۔ نیب نے ملزم کی جائیداد کی نیلامی کے لیے احتساب عدالت سے رجوع کیا تھا ،  جس پر عدالت نے صوبائی حکومت کو اختیار دیا کہ وہ چاہے تو  ان جائیدادوں کو نیلام کرسکتی ہے۔ نیب عدالتی حکم پر اسحاق ڈار کے بنک اکاونٹس میں پڑی 50 کروڑ  سے زائد رقم پنجاب حکومت کی تحویل میں دے چکی ہے۔