Monday, September 16, 2024

اشتہارات سکینڈل کیس، سپریم کورٹ کی نیب کو تفتیش جلد مکمل کرنے کی ہدایت

اشتہارات سکینڈل کیس، سپریم کورٹ کی نیب کو تفتیش جلد مکمل کرنے کی ہدایت
April 14, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) سپریم کورٹ نے نیب کو اشتہارات سکینڈل کیس کی تفتیش جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کا ریمارکس میں کہنا تھا کہ نیب چھے، چھے ماہ تک تفتیش کی منظوری کا انتظار کرتی رہتی ہے۔ کیا ملزمان نیب کے انتظار میں چھے ماہ بیٹھے رہیں گے۔ جسٹس امیر ہانی مسلم کہتے ہیں جس طرح نیب کام کر رہی ہے تباہی یہیں سے شروع ہوتی ہے۔ سپریم کورٹ میں 5ارب روپے کے اشتہارات کے سکینڈل کی سماعت جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے کی۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ  نیب چھے، چھے ماہ تک تفتیش کی منظوری کا انتظار کرتی رہتی ہے، کیا ملزمان نیب کے انتظار میں چھے ماہ بیٹھے رہیں گے۔ جسٹس امیر ہانی مسلم کا کہنا تھا کہ نیب کو میگا سکینڈلز پکڑنے کا اختیار ہے، چھوٹے معاملات کیلئے دیگر ادارے موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے اپنے ہاتھ بھی صاف نہیں، جس طرح نیب کام کر رہی ہے تباہی یہیں سے شروع ہوتی ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ نیب نے شرجیل انعام میمن کیخلاف کیا کارروائی کی ہے۔ نیب تفتیشی افسر نے بتایا کہ شرجیل انعام میمن کیخلاف تفتیش شروع کر دی ہے جو منظور نظر کمپنیوں کو اشتہارات کے فنڈز دینے میں ملوث تھے، ان کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا ہے مگر وہ مفرور ہیں۔ سپریم کورٹ نے نیب کو تفتیش جلد مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کیس کی سماعت مئی کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کر دی ہے۔ عدالت نے سکینڈل کے ملزم انعام اکبر کا نام دو ہفتے کیلئے مشروط طور پر ای سی ایل سے نکالنے کا حکم بھی دیا۔