Friday, April 19, 2024

اشتعال انگیز تقاریر !!! الطاف حسین کےخلاف درج کرائے گئے مقدمات کی تعداد 17 ہو گئی

اشتعال انگیز تقاریر !!! الطاف حسین کےخلاف درج کرائے گئے مقدمات کی تعداد 17 ہو گئی
July 14, 2015
کراچی (92نیوز) متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ الطاف حسین کی جانب سے سکیورٹی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کرنے پر سندھ کے مختلف شہروں میں درج کرائے گئے مقدمات کی تعداد 17 ہو گئی ہے۔ ایم کیوایم کے قائد پر ملکی سالمیت اور سکیورٹی اداروں کے خلاف تقریر کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ مقدمات ایک سو تریپن اے، ایک سو چوبیس اے اور دیگر دفعات کے تحت درج کئے گئے ہیں۔ جیکب آباد میں تھانہ ائیرپورٹ، صدر اور دوداپور میں مقدمات درج کئے گئے۔ ضلع خیرپور میرس کی تحصیل فیض گنج اور تحصیل ٹھری میرواہ میں مقدمات بھی درج ہوئے۔ الطاف حسین کے خلاف لاڑکانہ میں تھانہ مارکیٹ، سکھر میں تھانہ روہڑی، ٹھٹھہ کے تھانہ سٹی، تھانہ اے سیکشن ٹنڈوالہ یار، حیدرآباد کے تھانہ فورٹ، دادو، میرپورخاص اور شکارپور میں بھی مقدمات درج ہوئے۔ حیدر آباد فورٹ تھانے میں درج مقدمے میں دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ نمبر 6اور 7جبکہ 120اے ، بی ، 121، 122، 123اور 123اے شامل کی گئی ہے۔ گھوٹکی میں تھانہ میر پور ماتھیلو اور خیر پور میرس میں مقامی شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مقدمے میں 153,121اور 124 اے کی دفعات عائد کی گئی ہیں۔ لاڑکانہ میں ایک، ٹنڈو الہٰ یار، دادو، خیر پور ناتھن اور ٹھٹھہ میں بھی ایک، ایک مقدمہ درج کرا دیا گیا۔ اسی طرح روہڑی، میرپور خاص اور بدین میں بھی قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف نازیبا الفاظ پر مقدمات درج کر ا دیئے گئے جن میں 124اے اور 153اے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ سکھر، جیکب آباد اور شکار پور میں دو، دو مقدمات درج کرا دیئے گئے۔