Wednesday, May 1, 2024

اسکردو کے قریب ’’دیوسائی‘‘ میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرگیا

اسکردو کے قریب ’’دیوسائی‘‘ میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرگیا
May 7, 2018
دیوسائی ( 92 نیوز) مختلف شہروں میں جہاں گرمی کا ان دنوں راج ہے وہیں پریوں کا مسکن کہلانے والے اسکردو کے قریب ’’دیو سائی‘‘ کے علاقہ میں ان دنوں بھی سردی  اور برف کا راج ہے ، دنیا کی چھت کہلانے والے اس پہاڑی علاقے میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرا رہتا ہے۔ اسکردو کا علاقہ ’’دیوسائی‘‘ہمالیہ سلسلے کا بلند ترین اور اپنی نوعیت کا منفرد پہاڑی میدان ہے، مشہور ہے کہ اس علاقے کو عموماً برف کی پراسرار اور خاموش پریاں اپنے سحر میں لیے رکھتی ہیں ۔ دیو سائی دیو اور سائی دو الفاظ کا مجموعہ ہے ، جس کے معنیِ ہیں دیو جیسا بڑا ہے ، قدیم زمانے سے یہ روایت بھی بیان کی جاتی ہے کہ اس میدان پر دیو بستے ہیں۔ ان دنوں جب ملک کے میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں آ چکے ہیں  لیکن یہاں کے پہاڑوں پر برف اور میدان میں شدید سردی کا راج ہے ،اس کےعلاوہ درجہ حرارت بھی نقطہ انجماد بھی گرا ہوا ہے۔ یہاں کی خاص بات یہ بھی ہے کہ جولائی، اگست اور ستمبر کے مہینوں میں اس میدان پر مختلف انواع کےجنگلی پھول اور جڑی بوٹیاں اُگ آتی ہیں ، جس سے یہ علاقہ جنت کا ایک ٹکڑا دکھائی دیتا ہے ۔ ضلع اسکردو اور ضلع استور کے درمیان اس علاقے کو سیاح دیکھ کر فطرت کے اور بھی قریب ہو جاتے ہیں ۔